اوورسیز پاکستانیوں کیلئے احسن اقدام، آئی جی پنجاب نے پولیس خدمت ایپ متعارف کروا دی

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے احسن اقدام، آئی جی پنجاب نے پولیس خدمت ایپ متعارف کروا دی
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے اوور سیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کے لیے پنجاب پولیس ایپ متعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لئے ہیلپ لائن، ڈیسک، چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں مناسب فورم موجود ہیں۔

ایک ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس ایپ اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لئے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں سسٹمز پر موجود ہے. پنجاب پولیس ایپ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی کسی بھی مشکل کی صورت میں پنجاب پولیس سے فوری مدد حاصل کر سکتے ہیں. پنجاب پولیس ایپ، 1787 ہیلپ لائن اور فرنٹ ڈیسک اوورسیز پاکستانی شہریوں کی مدد اور رہنمائی کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا اگر آپ پاکستان سے باہر ہیں تو پنجاب پولیس ایپ جبکہ اندرون ملک ہونے کی صورت 1787 پر براہ راست اپنی درخواستیں دیں گے۔ لیگل برانچ آپ کی بھر پور معاونت کرے گی۔ ڈی پی اوز ذاتی طور پر ان کیسز کو سپروائز کریں گے۔ میرے ڈیش بورڈ کی سکرین پر اوورسیز کی درخواستیں اور ان پر ہونے والی کارروائی کی پراگریس رپورٹس آتی رہیں گی۔

ڈاکٹرعثمان انور نے کہا پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ڈائریکٹ فارن انویسٹمنٹ، صنعتی ترقی، سٹاک مارکیٹ انویسٹمنٹ، پراپرٹی میں پیسہ اور اوورسیز کی ترسیلات زر کے نتیجے میں ترقی کا ایک راستہ کھل جاتا ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ساتھ ان کی غیر موجودگی میں اکثر فراڈ ہو جاتا ہے۔ اس منفی تاثر کی تبدیلی اور حقیقی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پنجاب پولیس نے مندرجہ بالا ایپ بنائی ہے۔ ہر ضلع میں اوورسیز پاکستانیوں کی خدمت کے لئے ہیلپ لائن، ڈیسک، چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں مناسب فورم موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی مدد یا داد رسی نہ ہونے کے عمومی تاثر کو بدلنے کیلئے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز کو بھی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھ چکا ہے۔ ایگریکلچر سیکٹر میں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ آپ کے پیسے کے بغیر یہ ترقی ممکن نہیں۔ ہم آپ کی انویسٹمنٹ کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا پاکستان میں آئیے انویسٹمنٹ کیجئے۔ پنجاب پولیس آپ کو اور آپ کی انویسٹمنٹ کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔