آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے آج فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس بلا لیا ہے اور یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ یہ اجلاس 4 روزہ ہے۔ اس میں لیفٹیننٹ جنرلز سمیت برگیڈیئرز بھی شامل ہوں گے۔ نظر آ رہا ہے اس کے بعد پاکستان کی فوج کوئی اہم شفٹ لے گی، وہ چاہے نیشنل ہو یا انٹرنیشنل۔ چار روزہ فارمیشن کمانڈرز کا اجلاس پہلی بار سنا ہے تو مجھے نہیں لگتا عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ میں کوئی مصالحت ہو سکتی ہے۔ یہ کہنا ہے صحافی عمران شفقت کا۔
نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا عمران خان کے ایک قریبی ساتھی نے عمران خان کے ساتھ ون آن ون ملاقات کے بعد بتایا کہ عمران خان ابھی تک مغالطے کا شکار ہیں اور سمجھتے ہیں کہ فوج کے اندر سے جنرل عاصم منیر کے خلاف بغاوت ہو جائے گی۔ عمران خان کو کچھ سابق اور کچھ حاضر سروس فوجیوں کے خاندان میں جو مقبولیت حاصل ہے اس کی بنیاد پہ وہ اس طرح کی باتیں سوچتے ہیں۔ دوسری وجہ ان کا بشریٰ بیگم کی باتوں پر آنکھیں بند کر کے یقین کرنا ہے۔
سینیئر صحافی مبشر بخاری کا کہنا تھا کہ جس طرح نئی پارٹیاں بن رہی ہیں، نظر آ رہا ہے الیکشن اسی سال ہوں گے۔ 90 کی دہائی میں اور پرویز مشرف کے دور میں بھی بہت مضحکہ خیز ایف آئی آرز درج ہوتی تھیں مگر تب پراسیکیوشن پر سوال نہیں اٹھتے تھے اور سزائیں ہو جاتی تھیں۔ جس جج نے چودھری پرویز الہیٰ کو کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کیا وہ پرویز الہیٰ ہی کی بدولت اس سیٹ تک پہنچے ہیں اور ان کے دور پار کے رشتے دار بھی ہیں۔ جیل میں تشدد کے الزامات بھی اسی پروپیگنڈا فیکٹری کی اختراع ہیں جس نے امریکی سازش کا بیانیہ بنایا تھا۔
پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔