پاک بحریہ کی بروقت کارروائی، انڈین آبدوز پاکستانی پانیوں میں داخل نہ ہو سکی

پاکستانی بحریہ نے انڈین آبدوز کی پاکستانی آبی حدود کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایک ہفتہ قبل منگل کے روز ہی انڈیا نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد جوہری طاقت کی حامل دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی تھی۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستانی بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت بروئے کار لاتے ہوئے انڈین آبدوز پاکستان کے پانیوں میں داخل نہیں ہونے دی۔ حقیقت یہ ہے کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی کی حامل انڈین آبدود کا کھوج لگانے میں کامیاب رہی جو انڈین بحریہ کی ایک بڑی ناکامی ہے۔

https://youtu.be/z0ZxoXv2jHY

پاک بحریہ نے مزید کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے امن و امان کے لیے کی جانے والی کوششوں کے باعث پاک بحریہ نے انڈین آبدوز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

بھارت کی جانب سے اب تک اس حوالے سے کوئی مؤقف جاری نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ بھارت کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والی دہشت گردی کے بعد 26 فروری کو انڈیا نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔ اگلے ہی روز پاکستانی ایئر فورس نے اپنی جارحانہ صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے والے انڈین فضائیہ کے دو جنگی طیاروں کو مار گرایا اور ایک انڈین پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو حراست میں لے لیا گیا۔



وزیراعظم کی جانب سے خیرسگالی کے جذبے کے تحت گرفتار انڈین ونگ کمانڈر کو واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ وزیراعظم کے انڈین پائلٹ کو رہا کرنے کے فیصلے کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر سراہا گیا۔

تاہم، انڈیا کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔