پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے یوٹیوبرز عادل راجا اور حیدر مہدی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے ویڈیو بیان جاری کر کے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا عادل راجا اورحیدر مہدی سے کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے ویڈیو بیان شیر افضل مروت نے جاری کیا جس میں جماعت کے ارکان پیچھے کھڑے تھے۔
اسد قیصر نے ویڈیو بیان میں کہا کہ عوام عادل راجا اور حیدر مہدی پر اعتماد نہ کریں۔ پی ٹی آئی کا اپنا میڈیا اور اپنے ترجمان ہیں۔ صرف پی ٹی آئی میڈیا اور ترجمان سے جاری بیانیہ ہی تسلیم کیا جائے۔
پی ٹی آئی قیادت کی پریس کانفرنس۔حیدر مہدی اورعادل راجہ سےلاتعلقی کا اعلان کردیا pic.twitter.com/ibkFPw0VV0
— Naya Pakistan (@Naya__Pakistan_) March 4, 2024
انہوں نے کہا کہ چند دن سے شیر افضل مروت کے خلاف یوٹیوبر باہر سے بیٹھ کر مہم چلا رہے ہیں۔ یہ یوٹیوبرز شاہ محمود قریشی اور پرویز الہٰی کے خلاف بھی مہم کرتے رہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھاکہ آئین اور قانون سے متعلق ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ ہم نے کبھی فوج کے خلاف بات نہیں کی، بانی پی ٹی آئی کا بیان ہے کہ ملک اور فوج میری ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی بالادستی اور سول سپرمیسی چاہتے ہیں۔ عادل راجا اور حیدر مہدی کے پراپیگنڈے پر اعتماد نہ کریں۔ تحریک انصاف کا ان یوٹیوبرز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا اپنا ترجمان اور اپنا بیانیہ ہے۔اسے سامنے لایا جائے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے میجر عادل راجا اور حیدر مہدی کو رانگ نمبر قرار دیا تھا۔
اپنے ایک بیان میں شیر افضل مروت نے کہاکہ کچھ بھگوڑوں کی جانب سے ریاست پاکستان اور پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی جا رہی ہے۔ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کے بعد عادل راجا نے میراتھن لائیو نشریات چلائیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے تحریک انصاف کا بیانیہ ہے۔ عمران خان بھی اداروں کو محبت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ تحریک انصاف محب وطن جماعت ہے اور ہماری اداروں کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں۔ 9 مئی کے بعد ہم پر ریاست مخالف ہونے کا الزام لگایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ عادل راجا اور حیدر مہدی جیسے لوگ بھگوڑے ہیں۔ عادل راجا تو بدنام قبضہ مافیا تھا۔ یہ یوٹیوبر بننے سے قبل ٹیکسی چلاتا تھا۔ ایسے لوگ پی ٹی آئی کے نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے کارکنان ان لوگوں کے چینلز نہ دیکھیں کیونکہ اسی سے تو ان کی کمائی ہو رہی ہے۔ ہم اپنی جدوجہد آئین اور قانون کے مطابق جاری رکھیں گے۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ پی ٹی آئی کے خلاف بدگمانی عادل راجا اور حیدری کی وجہ سے پیدا ہو رہی ہے۔لہٰذا ان رانگ نمبرز کے چہرے قوم کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں پاک فوج نے 2 ریٹائرڈ افسران عادل فاروق راجا اور حیدر رضا مہدی کو کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی تھی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا اور کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے ذریعے فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کرنے اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے برخلاف کام کرنے کے الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عدالت نے 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو عدالتی کارروائی کے تحت مجرم قرار دیا اور فیصلہ سنایا، جس کے تحت میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جبکہ کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سزا کے تحت 21 نومبر 2023 سے دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔ سزا پانے والے پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران اپنے سوشل میڈیا بیانات اور وی لاگز میں پاک آرمی اور اعلیٰ افسران کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کیا کرتے تھے۔ عادل راجا، حیدر رضا مہدی کیخلاف مختلف مقدمات بھی درج ہیں۔