صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے ذمہ دار افراد حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر بہت خوش ہیں، انہوں نے ہمیں خود فون کیے اور پیغامات بھیجے کہ یہ شخص فتنہ اور فسادی ہے جہاں جاتا ہے فساد برپا کرتا ہے، ہماری بھی عزت خراب کرتا ہے لہٰذا اگر اس نے قانون کے خلاف کوئی کام کیا ہے تو اس پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے اہم یہ ہے کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے حلقے میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پولیس نے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کو حراست میں لے لیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے دکھایا کہ گزشتہ روز اس آدمی نے کس طرح مسلح جتھوں کے ہمراہ طوفانِ بدتمیزی مچا رکھا تھا ، پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کی گئی، پولنگ اسٹیشن میں گھس کر عملے سے بدتمیزی کی گئی۔ جس پر قانون نے اپنا راستہ لیا۔