Get Alerts

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اختلافات کے باعث پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا

پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اختلافات کے باعث پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا
پی ٹی آئی رہنما و سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے پی ٹی آئی میں اختلافات کے باعث پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔

چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کی جانب سے پارٹی کے سندھ چیپٹر میں تنظیم نو کرتے ہوئے نئے عہدیداران کے تقرر کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد اختلافات سامنے آنے پر 2 سینئر رہنما اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں، ان میں قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے ’ذاتی وجوہات اور مصروفیات ‘کی بنا پر پارٹی کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

پارٹی کے سندھ چیپٹر میں حلیم عادل شیخ نے سینئر نائب صدر اور علی جونیجو نے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے 17 اراکین پر مشتمل صوبائی تنظیم بنانے کا اعلان کیا تھا تاکہ 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی مارچ سے قبل پارٹی سرگرمیوں کو فعال کیا جاسکے، اس کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تاہم صوبائی تنظیم بنانے کے فیصلے نے بہت سے لوگوں کو متاثر نہیں کیا مگر اس پر سب سے پہلے حلیم عادل شیخ نے رد عمل کا اظہار کیا ہے، جنہیں سندھ چیپٹر سے پارٹی کے نائب صدر کے عہدے سے برطرف کردیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق علی پلھ کو ایڈیشنل جنرل سیکریٹری اور ارسلان تاج کو پارٹی کا صوبائی سیکریٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اگر بات کی جائے حلیم عادل شیخ کے عہدے کی تو سندھ نائب صدور کے عہدے پر علی بخش انر، شکور شاد اور طاہر شاہ کو تعینات کیا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمود مولوی کا تقرر کراچی کے لیے پارٹی کے سینئر نائب صدر کے طور پر کیا گیا، علاوہ ایم پی اے سعید آفریدی اور ایم این اے اکرم چیمہ کو بھی اس عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح شاہنواز جدون، عدنان اسماعیل، دعوا خان، جمال ناصر، منصور شیخ اور عمران شاہ نائب صدر جبکہ ایم پی اے ریاض حیدر، عمیر احمد، ڈاکٹر کبیر، مراد شیخ، گوہر خٹک، جانشیر جونیجو اور مشتاق آفریدی ڈپٹی جنرل سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں شہزاد قریشی، عمیر عمری، رابعہ اظفر اور صائمہ ندیم کو بالترتیب سیکرٹری مارکیٹنگ، سیکرٹری ایونٹس، سیکرٹری ایجوکیشن اور سیکرٹری سپورٹس تعینات کیا گیا ہے۔

دریں اثناء پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور بحری امور کے وزیر علی زیدی نے اپوزیشن لیڈر شیخ سے اختلافات کی تردید کی۔

حیدرآباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان نے نامزد کیا ہے، جو انہیں وزیر کا عہدہ چھوڑنے کے لیے کہیں تو میں بلا تاخیر چلا جاؤں گا۔