Get Alerts

پاک فوج نے ریٹائرڈ افسران عادل راجا اور حیدر رضا مہدی کو قید بامشقت کی سزا سنا دی

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں مجرم فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے میں ملوث پائے گئے ، دونوں آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔ عدالت نے 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو عدالتی کارروائی کے تحت مجرم قرار دیا۔

پاک فوج نے ریٹائرڈ افسران عادل راجا اور حیدر رضا مہدی کو قید بامشقت کی سزا سنا دی

پاک فوج کے 2 ریٹائرڈ افسران کا کورٹ مارشل کر دیا گیا۔ بیرون ملک مفرور میجر (ر) عادل راجا اور کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی کو قید بامشقت کی سزا سنائی گئی اور عہدے بھی ضبط کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا اور کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل (ایف جی سی ایم) کے ذریعے فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے، آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کرنے اور ریاست کے تحفظ اور مفاد کے برخلاف کام کرنے کے الزامات کے تحت سزا سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ عدالت نے 7 اکتوبر اور 9 اکتوبر 2023 کو دونوں افراد کو عدالتی کارروائی کے تحت مجرم قرار دیا اور فیصلہ سنایا جس کے تحت میجر (ریٹائرڈ) عادل فاروق راجا کو 14 سال قید بامشقت کی سزا سنائی جبکہ کیپٹن (ریٹائرڈ) حیدر رضا مہدی کو 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں مجرم فوجی اہلکاروں کو بغاوت پر اکسانے میں ملوث پائے گئے ، دونوں آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کی دفعات کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 21 نومبر کو دونوں افسران کے رینک ضبط کر لیے گئے ہیں۔ دونوں پر ریاستی تحفظ اور مفاد کے خلاف منفی سرگرمیوں کی دفعات کا اطلاق کیا گیا۔

واضح رہے کہ سزا پانے والے پاک فوج کے دونوں ریٹائرڈ افسران اپنے سوشل میڈیا بیانات اور وی لاگز میں پاک آرمی اور  اعلیٰ افسران کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کیا کرتے تھے۔

عادل راجہ نے حال ہی میں یوٹیوب پر آئی ایس آئی کے کئی حاضر سروس افسران سمیت 4 پاکستانی اداکاراؤں کے نام نہ لیتے ہوئے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتاتے ہوئے سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے تھے۔

دونوں افراد بیرون ملک سے افواج پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرتے ہیں جب کہ ان پر دشمن ممالک کی جانب سے تبصرے کیے جاتے ہیں۔

عادل راجا، حیدر رضا مہدی کے خلاف مختلف مقدمات بھی درج ہیں اور تمام قواعد و ضوابط مکمل کرنے کے بعد انہیں کورٹ مارشل کے تحت سزائیں سنائی گئی ہیں۔