Get Alerts

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہو گا؛ پاک فوج

فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل ہو گا؛ پاک فوج
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت خصوصی کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا نے مادر وطن کے دفاع میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے اندرونی و بیرونی سکیورٹی صورت حال اور سیاسی مقاصد کے لیے پیدا کی گئی چند روز کی امن و امان کی صورت حال کا جامع جائزہ لیا جبکہ فورم کو شہدا کی تصاویر اور یادگاروں کی بے حرمتی کے مربوط توڑ پھوڑ پر مبنی منصوبے پر بریفنگ بھی دی گئی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے اور عوامی اعتماد بحالی کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پروپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج اور عوام کے درمیان اور مسلح افواج کے رینک اور فائل میں دراڑ پیدا کرنا ہے۔ دشمن قوتوں کے ایسے مذموم پروپیگنڈے کو پاکستانی عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی اور پاکستانی عوام ہر مشکل میں ہمیشہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ فورم نے جمہوری عمل مضبوط بنانے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی تنصیبات کی توڑ پھوڑ پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ فورم کو بریفنگ دی گئی ہے کہ منصوبہ ادارے کو ردعمل دینے اور اکسانے کے لیے سرانجام دیا گیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے فوجی تنصیبات، سرکاری اور نجی املاک کے خلاف سیاسی محرک اور اکسانے کے واقعات کی سخت مذمت کی گئی اور کمانڈرز نے افسوسناک واقعات پر فوج کے رینک اور فائل کے غم اور جذبات کا بھی اظہارکیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ فوج ان اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں سے بخوبی واقف ہے، ان گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو پاکستان کے متعلقہ قوانین کے تحت کٹہرے میں لایا جائے گا، مجرموں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے بیرونی سپانسر شدہ اور اندرونی سہولت یافتہ عناصر کے منظم پروپیگنڈا پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ شرمناک پروپیگنڈے کا مقصد مسلح افواج اور پاکستان کے عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے، شرمناک پروپیگنڈا کا مقصد مسلح افواج کے رینک اینڈ فائل کے اندر دراڑ پیدا کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افواجِ پاکستان عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان دشمنوں کے ایسے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی، اتفاق رائے ضروری ہے تاکہ عوام کے اعتماد، معاشی ترقی اور جمہوری نظام کو دوام بخشا جا سکے۔

فورم نے جاری سیاسی عدم استحکام کے حل کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قومی اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا۔ فورم نے سوشل میڈیا قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے متعلقہ قوانین پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔