Get Alerts

صدارتی انتخاب: ق لیگ اور آئی پی پی کا آصف زرداری کو ووٹ دینے کا اعلان 

علیم خان نے کہا کہ ہم پنجاب اور مرکز میں آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے۔ میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ہم اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے جو ہوا وہ کریں گے۔ پاکستان پر برا وقت ہے لوگ مشکل کا شکار ہے۔ اس وقت ہم سب کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے مسائل کو بھولنے کی ضرورت ہے۔

صدارتی انتخاب: ق لیگ اور آئی پی پی کا آصف زرداری کو ووٹ دینے کا اعلان 

صدارتی انتخابات کیلئے اتحادی جماعتیں متحرک، اتحادی وفد کا مختلف جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ق نے آصف علی زرداری کیلئے بطور صدر مملکت حمایت کا اعلان کردیا۔ 

پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پیپلزپارٹی اور اتحادی جماعتوں کا وفد پہنچا۔

وفد کی مسلم لیگ ق کے سینئر نائب صدر و نو منتخب ممبر قومی اسمبلی چودھری سالک حسین، چودھری طارق بشیر چیمہ اور فرخ خان سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا گیا۔ وفد میں اسحاق ڈار، یوسف رضا گیلانی، نوید قمر، خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف شامل تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ق نے صدر مملکت کے الیکشن کیلئے آصف علی زرداری کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروا دی۔

اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین رواداری کی سیاست کرتے ہیں۔ ہم سب نے مل کر ہی چلنا ہے۔ کسی کا ذاتی مفاد نہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ آصف زرداری کو ووٹ دینگے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی صدارتی الیکشن کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ارکان صدر استحکام پاکستان عبدالعلیم خان کی رہائش گاہ پہنچے اور صدارتی انتخاب کیلئے آصف زرداری کیلئے ووٹ کی درخواست کی۔

پیپلزپارٹی کی کمیٹی میں نوید قمر،سید خورشید شاہ ،یوسف رضا گیلانی،اسحاق ڈار شامل تھے ۔

اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ میں پیپلزپارٹی کے وفد اور اسحاق ڈار کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ اعزاز کی بات ہے کہ یہ میرے گھرآصف علی زرداری کیلئے ووٹ مانگنے آئے۔ استحکام پاکستان پورے دل سے ان کے ساتھ ہے۔

علیم خان نے کہا کہ ہم پنجاب اور مرکز میں آصف زرداری کو ووٹ ڈالیں گے۔ میرے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ ہم اس ملک کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے جو ہوا وہ کریں گے۔ پاکستان پر برا وقت ہے لوگ مشکل کا شکار ہے۔اس وقت ہم سب کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے۔ الیکشن کے مسائل کو بھولنے کی ضرورت ہے۔ تمام بڑی پارٹیوں کو ایک ایک صوبہ مل گیا ہے۔

عبدالعلیم خان کاکہنا تھاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ لوگ پریشانیوں کا شکار ہیں مزید پریشان نہیں کرنا چاہتے۔ اپوزیشن کی جماعتوں کا حق ہے حکومت کی غلطیوں کی نشاندہی کرے لیکن ملکی مفاد کو پہلے رکھنا چاہیے۔ ہم اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کردار ادا کریں گے اور جہاں غلطیاں ہمیں نظر آئیں ہم ان کی نشاندہی کریں گے۔

علیم خان نے کہا کہ حکومت بنانا جس کا حق ہے انہوں نے ہی حکومت بنائی ہے۔

صدر استحکام پاکستان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا رزلٹ سب کو منظور ہیں۔ خیبر پختونخوا کا رزلٹ ان کو بھی منظور ہے جن کو باقیوں پر اعتراض ہے۔ اگر دھاندلی ہوئی ہے تو ایک صوبے کو چھوڑ کر کیوں ہوئی ہے؟ آپ کہیں کہ خیبرپختونخوا میں ہمیں جو سیٹیں ملی ہے وہ دھاندلی سے ملی ہے ۔اتنا تو جرات کا مظاہرہ تو کرنا ہوگا ۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کا شکریہ جنہوں نے آصف زرداری کی حمایت کا اعلان کردیا۔علیم خان کی باتوں سے مکمل اتفاق کرتا ہوں۔

علاوہ ازیں، اتحادی وفد ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول کی رہائشگاہ پہنچا  جہاں انہوں نے صدارتی امیدوار آصف زرداری کیلئے ووٹ کی درخواست کی ۔

ایم کیو ایم کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی کاکہنا تھاکہ ہم پہلے بھی اتحادیوں کے ساتھ چلتے آرہے ہیں۔جمہوریت اور پاکستان کے حق کے لیے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے مگر حتمی فیصلہ کل کراچی میں رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا ۔ہم نے آگے کی راہوں کی بات کی ہے۔ اب صدارت کے عہدے کا الیکشن ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے آصف علی زرداری امیدوار ہیں۔ وفد نے حمایت مانگی ہے۔ ہماری مفاہمت کی تاریخ ہے۔ ہم پہلے بھی ساتھ چلتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدارتی الیکشن کے لیے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئےہیں۔الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی ہے۔

صدارتی اتخابات کے لیے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی۔