متحدہ قومی موومنٹ( ایم کیو ایم) پاکستان نے صدارتی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امید وار آصف علی زرداری کو ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔
یہ اعلان ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اسلام آباد میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا فیصلہ ہو گیا اور صدر پاکستان کا فیصلہ ہونا تھا اور ہماری یہ روایت رہی ہے کہ مختلف سیاسی جماعتیں اس حوالے سے دوسری جماعتوں کے پاس جا کر اس عمل میں شریک ہونے اور اپنے لیے حمایت کا تقاضا کرتی ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ اس سے پہلے بھی آصف زرداری کا نام سب سے پہلے ایم کیو ایم پاکستان نے ہی صدر مملکت کے عہدے کے لیے تجویز کیا تھا اور ہم آپ کے ساتھ ہیں اور صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت کریں گے اور ان کو ووٹ دیں گے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نئی حکومت کی اصل توجہ کراچی پر ہوگی۔کراچی کے مسائل مشترکہ کوششوں سے حل کریں گے۔ آصف علی زرداری بطور صدر کراچی کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ ہم مقامی سطح پر بھی اقدامات کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سب مل کر کراچی کے مسائل حل کر سکتے ہیں جبکہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی ان کا اولین مقصد ہے۔
قبل ازیں ایم کیو ایم پاکستان نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ دینے پر اتفاق کیا تھا۔
وزیراعظم کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔شہباز شریف نے ایم کیو ایم سے درخواست کی کہ وہ 9 مارچ کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ دیں۔