تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ 16 نہیں، 19 برس کی عمر میں قائم کیا، شاہد آفریدی کا اعتراف

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ان کی آپ بیتی میں ان کی تاریخ پیدائش غلط لکھی گئی ہے۔

کراچی کے ایک نجی مال میں شاہد آفریدی کی کتاب ’’ گیم چینجر‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ کتاب میں میری تاریخ پیدائش غلط لکھی گئی ہے جسے جلد درست کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: لوگ اپنی کتابوں سے پیسے بنا رہے ہیں، جاوید میاںداد

انہوں نے کہا، میڈیا نے مجھے 45 برس کا بنا دیا ہے حالانکہ فی الحال میں اتنا بھی بوڑھا نہیں ہوا۔ میری تاریخ پیدائش 1975 نہیں بلکہ 1977 ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ میڈیا نے میری کتاب میں سے صرف منفی حصوں کو نمایاں کیا ہے۔ کوئی فرشتہ نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کسی کی صرف برائی بیان کی ہے بلکہ اچھائیوں کا ذکر بھی کیا ہے۔



انہوں نے اعتراف کیا کہ بھارتی پبلشر سے کتاب شائع کروانے کا فیصلہ ان کا اپنا نہیں تھا۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، عمران خان ہم سب کی امید ہیں، انہیں تھوڑا وقت ملنا چاہئے اور عمران خان کی ٹیم میں اچھے لوگ شامل ہونے چاہئیں۔

واضح رہے کہ کرکٹ ریکارڈ میں شاہد آفریدی کی تاریخ پیدائش یکم مارچ 1980 درج ہے جب کہ کتاب میں انہوں نے اپنی تاریخ پیدائش 1975 لکھی ہے اور انہوں نے اب وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پیدائش 1977 میں ہوئی۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے 1996 میں کینیا کے شہر نیروبی میں ہونے والے تین ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی اور 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جو 17 برس تک ان کے پاس رہا۔

اس ریکارڈ کی خاص بات یہ بھی تھی کہ شاہد آفریدی نے یہ ریکارڈ محض 16 برس کی عمر میں بنایا تھا۔

شاہد آفریدی نے اس ریکارڈ پر بات کرتے ہوئے کہا، ریکارڈ کی درستگی کے لیے جان لیں کہ میں اس وقت 19 برس کا تھا، 16 کا نہیں۔