پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے آئندہ 10 برسوں کے لیے اسلامی کیلنڈر کے تعین اور چاند دیکھنے سے بچنے کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے۔
یہ اعلان وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے ٹویٹر پر کیا۔ انہوں نے کہا، پاکستان میں چاند کے معاملے پر ہر برس پیدا ہونے والے تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو آئندہ 10 برسوں کے لیے اسلامی کیلنڈر کا تعین کرے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا، یہ کمیٹی پانچ ارکان پر مشتمل ہو گی جس میں سپارکو، محکمہَ موسمیات اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ماہرین شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی عیدین کے علاوہ محرم، رمضان المبارک سمیت سال بھر کے تہواروں کی تاریخوں کا اعلان کرے گی۔
وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اس کیلنڈر کے باعث ہر برس رویت کے معاملے پر پیدا ہونے والا تنازع مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں ہو رہا ہے جب کہ محکمہَ موسمیات نے آج رمضان المبارک کا چاند نظر نہ آنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔