کرونا وائرس کے باعث سندھ حکومت نے عید کی نماز اور گلے مل کر عید مبارک دینے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
جی این این نیوز سے حاصل معلومات کے مطابق سندھ حکومت نے عید کے لئے بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے پر بھی غور شروع کرتے ہوئے، شہریوں کو عید منانے آبائی علاقوں میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر ناصر شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث لوگوں کو گلے مل کر عید مبارک نہیں دینی چاہیے جبکہ نماز عید کے لئے بڑے اجتماعات پر بھی پابندی ہونی چاہیے۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ نماز عید کے لئے سندھ حکومت ایس او پیز جاری کرے گی، ایس او پیز کے تحت نماز عید اور بڑے اجتماعات ہو سکیں گے۔ عید منانے کے لئے لوگ اپنے آبائی علاقوں میں نہ جائیں، جو لوگ جہاں ہیں وہ وہیں عید منائیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 185 ممالک سے زائد میں پھیلنے والی عالمی وبا کرونا وائرس سے جہاں اب تک 35 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ڈھائی لاکھ ہلاک ہوچکے ہیں وہیں یہ وائرس پاکستان میں بھی یومیہ سیکڑوں لوگوں کو متاثر کرنے اور متعدد کی اموات کا سبب بن رہا ہے۔ ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 22049 ہوچکی ہے جبکہ 514 افراد اس وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے اس وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں جس میں جزوی لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں شامل ہیں تاکہ لوگ ایک دوسرے سے میل جول سے اجتناب کریں اور وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے۔ تاہم اس کے باوجود ملک میں عوام کی بڑی تعداد اب تک اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہے اور ان کیسز میں ایک بڑی تعداد مقامی طور پر منتقلی کے کیسز کی ہے۔