Get Alerts

اسرائیلی فوج نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو مدد کی پیشکش کردی

اسرائیلی فوج نے فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو مدد کی پیشکش کردی
اسرائیلی فوج کی جانب سے سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹس فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی بندش پر ان کے حکام کو طنزیہ انداز میں بھرپور مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی جسے صارفین نے خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کو سروس بحال کرنے کے لیے کی جانے والی مدد کی پیش کش پر ٹوئٹر صارفین بھی برہم ہوگئے اور صیہونی فوج کو کھری کھری سنادیں۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ٹویٹ میں تینوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہماری تکنیکی ٹیم حاضر ہے، کیا آپ کو کسی قسم کی مدد چاہیے؟

اسرائیلی فوج کی اس پیشکش کا فیس بک اور اس کی ذیلی ایپس نے کوئی جواب دینا مناسب نہیں سمجھا لیکن دنیا بھر کے صارفین اس پر بھڑک اٹھے اور انہوں نے صہیونی فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

صارفین نے اسرائیلی فوج کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے اپنی حساس ویب سائٹس کو تو ہیکرز کے  ہاتھوں سے محفوظ بنا لیں۔ کچھ نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ فیس بک کو مدد فراہمی کی پیشکش کے بہانے فیس بک کے ہیڈ کوارٹر پر میزائل حملہ کر دیا جائے اور بہانہ بنایا جائے کہ وہاں تو حماس والے موجود تھے۔ اس موقع پر کچھ صارفین نے اسرائیلی فوج کے فلسطینوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ذکر بھی کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات پوری دنیا میں فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس بند ہو گئی تھی جس سے صارفین کو چھ گھنٹے تک شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق محض چند گھنٹوں کی بندش نے مارک زکربرگ کی دولت میں لگ بھگ 6 ارب ڈالر کی کمی کر دی ہے اور وہ صرف ایک رات کے اندر اندر دنیا کے امیر ترین اشخاص کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ چکے ہیں۔