Get Alerts

کوئی سیاسی جماعت پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں؛ آرمی چیف جنرل عاصم منیر

شیخ عرفان  کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ بہت متحرک اور فکر مند ہیں اور بہت جلد بہت سی سیاسی شخصیات قانون کے کٹہرے میں نظر آئیں گی۔ آرمی چیف نے 8 سے 10 سیاستدانوں کے نام لے کر کہا کہ یہ موٹرسائیکلوں پر تھے۔ اب پیسہ بھی آگیا اور بیرون ملک بیٹھے ہیں۔

کوئی سیاسی جماعت پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں؛ آرمی چیف جنرل عاصم منیر

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 3 ستمبر کو کراچی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور سرمایہ کاروں سے طویل ملاقات کی۔ حاضرین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف سمیت پاکستان کی کوئی بھی سیاسی جماعت ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔ تینوں جماعتیں ایک جیسی ہیں، ان میں کوئی فرق نہیں۔ اب ہم ثبوتوں کے ساتھ ان پر تگڑا ہاتھ ڈالیں گے۔ یہ بتایا ہے معروف کاروباری شخصیت زبیر موتی والا نے جو اس ملاقات میں شامل تھے۔

سماء ٹی وی پر اینکر ندیم ملک کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے ملاقات میں شرکا سے کہا کہ ہم ہر صورت میں کرپشن پر قابو پائیں گے۔ میں آپ لوگوں کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ کرپشن کو ختم نہ بھی کر سکے تو اسے کم ضرور کر دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ڈالر اور چینی کی سمگلنگ کو بھی روکیں گے۔

پروگرام میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر  شیخ عرفان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کے حوالے سے پاک فوج کے سربراہ بہت متحرک اور فکرمند ہیں۔ بہت جلد بہت سی سیاسی شخصیات قانون کے کٹہرے میں نظر آئیں گی۔ آرمی چیف نے 8 سے 10 سیاست دانوں کے نام لے کر کہا کہ کچھ عرصہ پہلے تک یہ موٹر سائیکلوں پر تھے، اب ان کے پاس پیسہ آ گیا ہے اور یہ بیرون ملک بیٹھے ہیں۔

شیخ عرفان کے مطابق آرمی چیف کی گفتگو سن کر یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ ان سب سیاست دانوں پر اب ہاتھ ڈالا جائے گا اور ان کے خلاف کرپشن کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے لاہور اور کراچی دونوں شہروں میں کاروباری شخصیات کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں ڈالروں کی ذخیرہ اندوزی اور ان کی سمگلنگ، ایران سے تیل کی سمگلنگ اور افغانستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ سمگلنگ کے خاتمے کا اعادہ کرتے ہوئے ٹاسک فورسز بنانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ہر قسم کی سمگلنگ کو روکا جا سکے۔ ان کے مطابق جنرل عاصم منیر کے ارادوں سے لگتا ہے کہ اب معیشت میں بہتری آئے گی۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا کہ وفد سے ملاقات میں آرمی چیف نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کی غرض سے سرمایہ کاروں کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔

کاشف انور کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر نے تاجروں کو یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ منی ایکسچینج کے کاروبار کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جائے گا جبکہ ڈالر کے تبادلے کے معاملے میں انٹر بینک ریٹس میں شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت دیگر ممالک سے 100 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی صلاحیت پر زور دیا۔ آرمی چیف نے یہ عندیہ بھی دیا کہ اقتصادی فیصلہ سازی کو تقویت پہنچانے کے لئے اقتصادی معاملات اور مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے والی ٹاسک فورسز تشکیل دی جا رہی ہیں۔