مارکیٹ میں گندم کی نئی فصل آجانے کے بعد بھی گندم بحران جاری، روٹی 10 روپے جبکہ نان کی قیمت 15 روپے کر دی گئی۔ متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن نے اجلاس کر کے ازخود قیمت بڑھانے کا اعلان کردیا۔
صدر متحدہ نان بائی ایسوسی ایشن آفتاب گل کا اس بارے اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گندم کی قیمت 14 سو روپے من سے بڑھ کر 1700 روپے، 20 کلو گرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 805 روپے سے بڑھا کر 925 روپے کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائن میدے کا تھیلا بھی 3900 روپے سے بڑھا کر 4500 روپے کر دیا گیا ہے۔ ان تمام قیمتوں کے اضافہ کے پیش نظر روٹی اور نان سستا فروخت نہیں کر سکتے۔
متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے اور میدے کی پرانی قیمتیں بحال کر دے تو ہم بھی روٹی اور نان کی قیمت برقرار رکھیں گے۔
نان اور روٹی کی نئی قیمتوں کا اطلاق 10 جون سے کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ قیمت میں اضافہ قابل قبول نہیں، انتظامیہ کارروائی کرے۔
دوسری جانب روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ پر شہریوں نے سر پکڑ لیے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آٹا، چینی اور گھی کے بعد روٹی بھی مہنگی کر دی گئی ہے، حکومت کی رٹ صرف نام کی رہ گئی ہے۔
ڈی سی لاہور کا اس معاملے پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔