نیب ترامیم، ریٹائرمنٹ سے پہلے مختصر اور سویٹ فیصلہ سنائیں گے:  چیف جسٹس

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ریاستی اثاثے کرپشن کی نذر، سمگلنگ یا سرمایہ منتقلی کا معاملہ ہو تو کارروائی ہونی چاہیے۔ قانون میں ان جرائم کی ٹھوس وضاحت نہ ہونا مایوس کن ہے۔عوام کو خوشحال اور محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

نیب ترامیم، ریٹائرمنٹ سے پہلے مختصر اور سویٹ فیصلہ سنائیں گے:  چیف جسٹس

سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال  نے ریمارکس دیے کہ ریٹائرمنٹ سے پہلے مختصر اور سویٹ فیصلہ سنائیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ عمران خان کی نیب ترامیم کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔عدالت عظمیٰ کے تین رکن بینچ میں چیف جسٹس کے ساتھ جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہیں۔

سماعت کے آغازپر وکیل چیئرمین پی ٹی آئی نے عدالت کو بتایا کہ تحریری گزارشات جمع کروا دی ہیں۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیا آپ نے نیب کی رپورٹ پڑھی ہے۔ نیب نے مئی تک واپس ہونے والے ریفرنسز کی وجوہات بتائی۔ واپسی کی وجوہات سے اندازہ ہوتا ہے کہ جھکاؤ کس جانب ہے۔ کن شخصیات کے ریفرنس واپس ہوئے سب ریکارڈ پر آچکا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب قانون کے سیکشن 23 میں ایک ترمیم مئی اور دوسری جون میں آئی۔مئی سے پہلے واپس ہونے والے ریفرنس آج تک نیب کے پاس ہی موجود ہیں۔ نیب کی جانب سے ان سوالات کے جواب کون دے گا۔

نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر نے سوال کے جواب میں کہا کہ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل کچھ دیر تک پہنچ جائیں گے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ ترامیم کےبعد بہت سے زیرالتواء مقدمات کو واپس کر دیا گیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ترامیم کے بعد نیب کا بہت سا کام ختم ہوگیا۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ اگر نیب کیس بنتا ہو تو کیسز دوسرے فورمز کو بھجوائے جائیں گے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب کے پاس مقدمات بھیجنے کا قانونی اختیار ہے۔ جس پر وکیل خواجہ حارث نے جواب دیا کہ ترامیم کے بعد مقدمات کو ڈیل کرنے کا اختیار نیب کے پاس نہیں۔ نیب کے پاس مقدمات بھجوانے کا بھی کوئی قانونی اختیارنہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ ایسا نہیں کہ مقدمات نیب سے ختم ہوکر ملزمان گھر چلے جائیں۔ نیب دفتر میں قتل ہوگا تو کیا معاملہ متعلقہ فورم پر نہیں جائے گا۔ مقدمات بھجوانے کیلئے قانون کی ضرورت نہیں۔ جو مقدمات بن چکے وہ کسی فورم پر تو جائیں گے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ نیب مقدمات واپس ہونے سے تمام افراد گھر ہی گئے ہیں۔ نیب ترامیم وہی ہیں جن کی تجویز پی ٹی آئی دور میں دی گئی تھی۔ کہا گیا کہ میں ذاتی طور پر فائدہ اٹھا چکا ہوں۔اگر میں نیب ترامیم سے فائدہ اٹھاتا تو عدالت کے سامنے کھڑا نہ ہوتا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم درخواست گزار کا کنڈکٹ نہیں دیکھ رہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں قانون سے مفادعامہ کی خلاف ورزی تو نہیں ہوئی۔

جسٹس منصور علی شاہ نے دوبارہ استفسار کیا کہ کیا اٹارنی جنرل آرہے ہیں۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے بتایا کہ اٹارنی جنرل بیرون ملک ہیں۔ وہ اپنا تحریری جواب آج جمع کرائیں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں بتا دیتے ہم ریگولر بینچ چلا لیتے۔ جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ احتساب عدالتوں میں چلنے والے مقدمات منجمد کر دیئے گئے۔ اربوں روپے کے کیسز منجمد کر کے ہاتھ کھڑے کر دیئے گئے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نیب ترامیم سے فائدہ نہیں اٹھا رہے۔ترامیم کے تحت دفاع آسان ہے۔ نیب کو بتا دیا کہ فائدہ نہیں اٹھائیں گے۔ نیب کو جمع کرایا گیا بیان بھی عدالتی ریکارڈ کاحصہ ہے۔

جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ زیرالتواء تحقیقات ترامیم کے بعد سرد خانے کی نذر ہوچکی۔ مکینزم بننے تک عوام کے حقوق براہ راست متاثر ہوں گے۔

وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو بھی 62 ون ایف کے ٹیسٹ سے گزرنا پڑتا ہے۔ منتخب نمائندے اپنے اختیارات بطور امین استعمال کرتے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ اعلی عدلیہ کے ججز کو نیب قانون میں استثنی نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ریاستی اثاثے کرپشن کی نذر، سمگلنگ یا سرمایہ منتقلی کا معاملہ ہو تو کارروائی ہونی چاہیے۔ قانون میں ان جرائم کی ٹھوس وضاحت نہ ہونا مایوس کن ہے۔عوام کو خوشحال اور محفوظ بنانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ درخواستگزار کا کیس ہے کہ جرم کی سزا کو بدل دیا گیا ہے۔ کیا نیب ترامیم کے ماضی کے اطلاق سے جرائم کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ آخر قانون کے ماضی سے اطلاق کا مقصد کیا ہے۔ مقصد تو یہ ہوا کہ مجرم کہے میری سزاختم اور پیسے واپس کرو۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ پارلیمنٹ کو کہہ سکتی کہ بدنیتی پر مبنی قانون بنایا۔ جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کو سب کچھ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ پارلیمنٹ ماضی سے اطلاق کا قانون بنا کر جرم ختم نہیں کر سکتی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب قانون کوواضح ہونا چاہیے تھا۔ جب قانون واضح نہ ہوتواس کا حل کیا ہوتا ہے۔ کیا مبہم قانون قائم رہ سکتا ہے۔

جسٹس منصورشاہ نے اعتراض اٹھاتے ہوئے دوبارہ استفسار کیا کہ کیا سپریم کورٹ قوانین واپس پارلیمنٹ کو بھیج سکتی ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ تو بہت سپریم ہے۔ ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے اب ازخود نوٹس نہیں لیتے۔

سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ میری ریٹائرمنٹ قریب ہے۔ ریٹائرمنٹ سے قبل مختصر اور  سویٹ فیصلہ سنائیں گے۔

دوسری جانب اٹارنی جنرل نے پیش نہ ہونے پر عدالت سے معذرت کر لی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ اٹارنی جنرل کو بغیر بتائے ملک سے باہر جانا پڑا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کوئی بات نہیں آپ تحریری معروضات جمع کرا دیں۔