حال ہی میں ٹی بی کے لیے مختلف ممالک میں استعمال ہونے والی ویکسین کو نئے نوول کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے خلاف استعمال کرنے کے لیے تحقیق کا آغاز ہوا ہے۔
بیسیلس کالمیٹی گیورن (بی سی جی) نامی ویکسین نومولود اور کم عمر بچوں کو ٹی بی سے بچانے کے لیے دی جاتی ہے اور سائنسدانوں کے خیال میں یہ کووڈ 19 کے خلاف بھی تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔ ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جن لوگوں کو یہ ویکسین دی گئی ہے انہیں کووڈ 19 کے خلاف کسی حد تک تحفظ ملا ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کے کیسز اور اموات کی شرح ان ممالک میں زیادہ ہے جہاں یہ ویکسین اب استعمال نہیں ہوتی، جیسے امریکہ، اٹلی، اسپین اور فرانس۔ پاکستان، بھارت، چین اور کئی ممالک میں یہ ویکسین اب بھی عام استعمال ہوتی ہے۔
محققین کا دعویٰ ہے کہ جن ممالک میں اس ویکسین کا استعمال ہو رہا ہے وہاں کووڈ 19 سے اموات کی شرح نمایاں حد تک کم ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے ممالک جہاں اس ویکسین کا استعمال تاخیر سے ہوا جیسے ایران جہاں 1984 میں اسے اپنایا گیا، وہاں بھی اموات کی شرح زیادہ ہے، جس سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ بی سی جی ایسے بزرگ افراد کو تحفظ فراہم کر رہی ہے، جن کو بچپن میں یہ ویکسین استعمال کرائی گئی۔
محققین کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کے استعمال کرنے والے ممالک میں کووڈ 19 کے مصدقہ کیسز کی تعداد بھی کم رہنے میں ممکنہ مدد ملی ہے۔