Get Alerts

افسوسناک خبر: پاکستان کے سینئر صحافی اطہر علی ہاشمی کراچی میں انتقال کر گئے

افسوسناک خبر: پاکستان کے سینئر صحافی اطہر علی ہاشمی کراچی میں انتقال کر گئے
تقریباً نصف صدی تک صحافت سے وابستہ سینئر صحافی اور روزنامہ جسارت کے ایڈیٹر انچیف اطہر علی ہاشمی کراچی میں انتقال کر گئے۔

اطہر علی ہاشمی کی عمر 74 برس تھی، آج صبح فجر کے وقت نیند کی حالت میں وہ اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ اطہر ہاشمی کے انتقال کی تصدیق ان کے بیٹے حماد علی ہاشمی نے کی۔

اطہر علی ہاشمی نہ صرف اردو کے استاد تھے بلکہ ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو صحافت کرنا سکھائی۔ ان کا شمار عرب نیوز ویب سائٹ ’اردو نیوز‘ جدہ کے بانیوں میں ہوتا تھا اس کے علاوہ وہ روزنامہ امت کے ڈپٹی ایڈیٹر انچیف بھی بنے، اور روزنامہ جنگ لندن سے بھی وابستہ رہے۔

اطہر علی ہاشمی کو زبان و بیان پر گہری گرفت حاصل تھی۔ ان کا مشہور کالم ’خبر لیجیے زباں بگڑی‘ اردو دانی کے لحاظ سے سند کی حیثیت رکھتا ہے جس میں وہ اردو زبان کی بول چال میں رائج غلطیوں کی نشاندہی اور ان کی تصحیح کرتے تھے۔