بھٹو پھانسی ریفرنس؛ 'چیف جسٹس فیض آباد دھرنا جیسا فیصلہ سنائیں گے'

ایم کیو ایم جس طرح جلسے کر رہی ہے اس سے ظاہر ہے کہ مقتدر حلقوں کا ہاتھ ان پر آ گیا ہے جو پچھلے انتخابات میں پی ٹی آئی پر تھا۔ نظر آتا ہے کہ انہیں کچھ سیٹیں نکال کر دی جائیں گی۔ یہ طے ہے کہ پیپلز پارٹی کو سندھ میں کھلی چھوٹ نہیں دی جا رہی۔

بھٹو پھانسی ریفرنس؛ 'چیف جسٹس فیض آباد دھرنا جیسا فیصلہ سنائیں گے'

جسٹس اعجاز الاحسن کے خلاف اگرچہ آئینی درخواست دائر ہوئی ہے مگر ان کا ٹریک ریکارڈ بتاتا ہے کہ وہ اعتراض اٹھنے پر بنچ سے الگ نہیں ہوں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس منگل کے روز سماعت کے لیے مقرر ہو گا جس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں لارجر بنچ کرے گا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ایسا فیصلہ دینا چاہ رہے ہیں جس سے کافی سارا ریکارڈ درست ہو جائے۔ یہ فیض آباد دھرنا فیصلے کا پارٹ ٹو ہو گا جس میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار بھی کھل کر زیر بحث آئے گا۔ یہ کہنا ہے مطیع اللہ جان کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں نادیہ نقی نے بتایا ایم کیو ایم جس طرح جلسے کر رہی ہے اس سے ظاہر ہے کہ مقتدر حلقوں کا ہاتھ ان پر آ گیا ہے جو پچھلے انتخابات میں پی ٹی آئی پر تھا۔ نظر آتا ہے کہ انہیں کچھ سیٹیں نکال کر دی جائیں گی۔ ن لیگ اور ایم کیو ایم بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے۔ اس کے علاوہ دیگر جماعتیں بھی سندھ میں اتحاد بنانے جا رہی ہیں تو یہ پیپلز پارٹی کے لیے ایک چیلنج ضرور ہے۔ یہ طے ہے کہ پیپلز پارٹی کو سندھ میں کھلی چھوٹ نہیں دی جا رہی۔

سجاد انور کے مطابق ن لیگ نے پیغام دیا تھا کہ چوہدری سرور کو نواز شریف اور چوہدری شجاعت کی ملاقات میں نہیں ہونا چاہئیے۔ چوہدری سرور کو اس ملاقات میں نہیں بلایا گیا جو ان کی خاصی بے عزتی ہے۔ چوہدری وجاہت اگرچہ چوہدری پرویز الہیٰ کو چھوڑ کر چوہدری شجاعت کے ساتھ آ گئے ہیں مگر انہیں ٹکٹ دینے پر ن لیگ راضی نہیں ہے۔ انتخابات کے نزدیک وہ واپس پرویز الہیٰ کے پاس چلے جائیں گے اور پی ٹی آئی سے ٹکٹ لینے کی کوشش کریں گے۔

میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بجکر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔