Get Alerts

آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں، وزیراعظم عمران خان

آرمی چیف کو مزید توسیع دینے سے متعلق ابھی سوچا نہیں، وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نومبر دور ہے ، آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپنی حکومت کیلئے آئندہ تین ماہ کو اہم اور احتساب نہ ہونے کو اپنی حکومت کی بڑی ناکامی قرار دے دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لے آئے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے، تمام تر شواہد کے باوجود یہ لوگ بچ نکل رہے ہیں، شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کر سکتا ہے شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کیلئے آئندہ 3 مہینے کافی اہم ہیں، مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ سے پارٹی کو بہت نقصان ہوا، بلدیاتی انتخابات میں شکست پارٹی کی تنظیمی سطح پربڑی ناکامی ہے، اللہ کا شکر ہے ہمارے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہوں، ہمارے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہو رہی، پاکستان کے چین اور امریکا دونوں کیساتھ اچھے تعلقات ہیں، اتحادیوں کے ساتھ ملکر حکومت کے پانچ سال مکمل کریں گے۔