امریکا کی معروف ملٹی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ کی جانب سے کمپیوٹر کی بورڈ میں ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے۔
اگلے چند ماہ میں اگر آپ نئے ونڈوز کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کو خریدیں گے تو کی بورڈ پر ایک نیا بٹن نظر آئے گا۔ اسےکو پائلٹ کی (Copilot key) کا نام دیا گیا ہے جس پر کلک کرکے مائیکرو سافٹ کے اے آئی کو پائلٹ پروگرام تک رسائی حاصل ہوگی۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لگ بھگ 30 سال قبل ہم نے کمپیوٹر کی بورڈ میں ونڈوز بٹن متعارف کرایا تھا اور دنیا بھر میں لوگوں نے اس کا استعمال کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اب کو پائلٹ بٹن کے ذریعے صارفین اے آئی کی دنیا میں داخل ہوسکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق کی بورڈز میں کوئی اضافی بٹن نہیں دیا جائے گا بلکہ پرانے بٹن کی جگہ اسے شامل کیا جائے گا۔ کو پائلٹ بٹن مینیو یا ونڈوز بٹن کی جگہ لے گا جسے دہائیوں قبل متعارف کرایا گیا تھا۔
یہ نیا بٹن بیشتر کی بورڈز کے دائیں جانب کے alt بٹن کے برابر میں نظر آئے گا۔اس بٹن کو کلک کرنے سے ونڈوز 11 میں ونڈوز کو پائلٹ ڈیجیٹل اسسٹنٹ لانچ ہو جائے گا جو چیٹ جی پی ٹی جیسا چیٹ بوٹ ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق اسی طرح نئے لیپ ٹاپس بھی نئے بٹن کے ساتھ بنائے جائیں گے اور اس حوالے سے مائیکرو سافٹ نے کی بورڈز سمیت دیگر آلات بنانے والی کمپنیوں سے اشتراک بھی کر لیا ہے۔