بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جس میں بہت سے دیگر سرکاری دفاتر کے علاوہ انڈین ایئر فورس کا ذیلی دفتر بھی قائم ہے۔
مقامی حکام کے مطابق آگ پانچویں منزل پر لگی جس پر کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پا لیا گیا۔
اس عمارت میں محکمۂ جنگلات، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے علاوہ انڈین ایئر فورس کا ذیلی دفتر بھی قائم ہے۔
یہ آگ اس وقت لگی ہے جب انڈیا اپنا یہ دعویٰ سچ ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے پاکستان میں عسکریت پسند گروہ ’ جیش محمد‘ کے تربیتی مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔
https://www.youtube.com/watch?v=uD7MtUOn6Kc
پاکستان نے انڈین مؤقف رَد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کی یہ کارروائی مکمل طورپر ناکام ثابت ہوئی کیوں کہ انڈین جنگی طیارے پاکستان کی جوابی کارروائی پر ایک ویران پہاڑ پر بم پھینک کر واپس لوٹ گئے۔
انڈیا میں رواں برس مئی میں عام انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی ہندو قوم پرست جماعت مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے خودکش حملے پر جارحانہ مؤقف اختیار کرکے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔