وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں قومی سلامتی، پاک فوج کے پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی امور سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم آٖفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔ ملاقات میں آرمی چیف نے شہباز شریف کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا۔
وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات کے دوران قومی سلامتی، پاک فوج کے پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی امور سے متعلق بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف کی زیر صدارت 263 ویں کور کمانڈر کانفرنس کے دوران فورم نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بدقسمتی ہے مفاد پرست عناصر کی توجہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہےالیکشن کے بعد سیاسی اور معاشی استحکام کی امید ہے، حکومت کو مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے کہاکہ کچھ عناصر مسلح افواج پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں جو قابل مذمت ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
کورکمانڈرزنے عام انتخابات کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے پر سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔
فورم نے بعض عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تفرقہ ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والے جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے عوام پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور ملکی ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔
فورم نے کہاکہ گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح جیسے حقیقی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے بعض مفاد پرست عناصر کی ساری توجہ اپنی ناکامیوں پر دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کرکے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔
فورم نے اس بات پر زور دیا کہ غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوتوں کے ساتھ قانونی طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔
فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے اور ہم مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
کانفرنس کےشرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کوزبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
کور کمانڈرکانفرنس کے دوران فورم نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔