نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے ترکیہ کے قونصل جنرل امیر اوزبے نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے رجب طیب اردوان اور ان کی جماعت کی کامیابی پر ترکیہ کے قونصل جنرل کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ رکیہ کے عوام نے اپنے ہردلعزیز رہنما رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر ووٹ دے کر صدر منتخب کیا۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی فتح حقیقت میں عوامی خدمت کی فتح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ترکیہ کی کمپنیوں کو پنجاب میں ہر طرح کی سہولتیں فراہم کریں گے۔
قونصل جنرل ترکیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پنجاب کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلیٰ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ڈپٹی کمشنر لاہور نے شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود تھے.
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔