ڈاکٹروں کی ہڑتال کے خلاف شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے ہیں کہ ہڑتالی ڈاکٹرز کےخلاف اب تک کارروائی کیوں نہیں ہوئی، ان کے لائسنس معطل کرواتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کے خلاف شہری اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس جواد حسن نے سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کی ہڑتال کا تصور نہیں، ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہیں، آج ہی ان کی ہڑتال ختم اور لائسنس معطل کرواتے ہیں، انہیں کون لائسنس دیتا ہے؟
جسٹس جواد حسن نے مزید کہا کہ ہڑتالیوں کےخلاف اب تک پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کیوں نہیں کی گئی، قانون کی عمل داری کے اس معاملے میں عدالت انتظامیہ کے ساتھ ہے۔
عدالت نے پی ایم ڈی سی، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن وائی، کالج فزیشن اینڈ سرجن کے نمائندوں اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار کو طلب کر کے، سماعت کل تک ملتوی کر دی۔