پاکستان اور ترکیہ کےنجی پروڈکشن ہاؤسز اورفنکاروں کے اشتراک سے بنائے جانے والا میگا بجٹ ڈرامہ’فاتح القدس صلاح الدین ایوبی‘ 13 نومبر 2023 سے ہر سوموار کی رات 9 بجے ترکیہ کے مشہور ٹی وی چینل ٹی آر ٹی پر دکھایا جائے گا۔
ڈرامہ صلاح الدین ایوبی کی پروڈیوسر ٹیم میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر ڈرامے کا پوسٹر شیئر کرکے ڈرامے کے نشر ہونے کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
عدنان صدیقی نے اپنی ٹوئٹ میں اعلان کیا کہ ٹی وی سیریز صلاح الدین ایوبی 13 نومبر سے ہر پیر رات 9 بجے ترکیہ کے چینل ٹی آر ٹی پر نشر کی جائے گی۔
Sultan Eyubbi, the distinguished warrior who became the first sultan of Egypt and Syria. Starting November 13th, the Selahaddin Eyyubi series premieres on TRT every Monday at 9 PM.#TRTseries #comingsoon pic.twitter.com/7drXB9nfOL
— Adnan Siddiqui (@adnanactor) November 4, 2023
ٹی آر ٹی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھی ڈرامے کے نشر ہونے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ٹی آر ٹی کے انسٹاگرام پر ڈرامے کا ٹیزر بھی جاری کیا گیا تھا۔مختصر دورانیے کے ٹریلر میں صلاح الدین ایوبی کے مرکزی کردار اوور گونیش سمیت دیگر صلیبی کرداروں کو بھی دکھایا گیا ہے۔
ڈرامے میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترکیہ اداکار اوور گونیش ادا کررہے ہیں جبکہ پاکستان سے اس میں عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، کاشف انصاری، جنید علی شاہ اور دیگر شامل ہیں۔
دسمبر 2021 میں تاریخی ڈرامہ سیریز صلاح الدین ایوبی کو بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے لیے پاکستان سے انصاری فلمز اور ترکیہ کے ایکلی فلمز کے درمیان اگست 2021 میں سربیا میں معاہدہ طے ہوا تھا۔
تاریخی ویب سیریز کیلئے ایک بڑا سیٹ لگایا گیا ہے جس میں دمشق کے قدیم شہر کا مکمل منظر بنایا گیا جو کہ 200 ایکڑ پر محیط ہے۔
اسی ڈرامے کے حوالے سے اپریل 2023 میں ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈرامے کو رواں برس کے اختتام تک پہلے ترکیہ میں نشر کیا جائے گا۔ اس کے ایک سال بعد اسے پاکستان میں دکھایا جائے گا۔
اطلاعات ہیں کہ ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف سٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
ایوبی سلطنت کے بانی سلطان صلاح الدین ایوبی نے طویل جنگوں کے بعد صلیبیوں کو شکست دے کر 1187ء میں بیت المقدس آزاد کرایا تھا۔ جس پر تقریباً 9 دہائیوں تک عیسائیوں کا قبضہ رہا۔