Get Alerts

پاک ترک مشترکہ تاریخی ویب سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا

تاریخی ویب سیریز رواں برس 13 نومبر سے ٹی آر ٹی ون پر ریلیز کی جائے گی جبکہ پاکستانی اور ترکیہ کے ناظرین اس کو دیکھنے کے لئے شدت سے منتظر ہیں۔ ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف سٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

پاک ترک مشترکہ تاریخی ویب سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ کا ٹیزر جاری کر دیا گیا

پاکستان اور ترکیہ کے فنکاروں کے اشتراک سے بننے والی ویب سیریز ’فاتح القدس صلاح الدین ایوبی‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا۔

ویب سیریز اسلامی تاریخ کے مشہور حکمران اور فوجی کمانڈر سلطان صلاح الدین ایوبی کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے بیت المقدس کو فتح کیا تھا۔

ڈرامے میں صلاح الدین ایوبی کا مرکزی کردار ترکیہ اداکار اوور گونیش ادا کررہے ہیں جبکہ پاکستان سے اس میں عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، کاشف انصاری، جنید علی شاہ اور دیگر شامل ہیں۔

عدنان صدیقی نے انسٹاگرام پر ویب سیریز کا ٹیزر شیئر کیا اور ناظرین کو تاریخ کے ایک اہم حصے کے شاندار تجربے کیلئے تیار رہنے کی خبر دی۔

تاریخی ویب سیریز کیلئے ایک بڑا سیٹ لگایا گیا ہے جس میں دمشق کے قدیم شہر کا مکمل منظر بنایا گیا جو کہ 200 ایکڑ پر محیط ہے۔

نئی ویب سیریز رواں برس 13 نومبر سے ٹی آر ٹی ون پر ریلیز کی جائے گی جبکہ پاکستانی اور ترکیہ کے ناظرین اس کو دیکھنے کے لئے شدت سے منتظر ہیں۔

اسی ڈرامے کے حوالے سے اپریل 2023 میں ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈرامے کو رواں برس کے اختتام تک پہلے ترکیہ میں نشر کیا جائے گا۔ اس کے ایک سال بعد اسے پاکستان میں دکھایا جائے گا۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈرامے میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے۔ تاہم بتایا تھا کہ وہ کچھ اقساط میں مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔

اسی طرح خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدنان صدیقی کو بھی معاون کردار کے روپ میں دیکھا جاسکے گا لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف سٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔