طالبان کے افغانستان میں قبضے کے بعد پاکستان پہنچنے والے افغان فوج کے کرنل سردار محمد ہوتک 21 ستمبر کو کوئٹہ سے لاپتا ہو گئے تھے، افغان قونصل خانے کا دعویٰ ہے کہ انھیں نامعلوم مسلح افراد زبردستی اپنے ساتھ لے گئے، وہ کہاں ہیں؟ تاحال اس کا پتا نہیں چل سکا ہے۔
بی بی سی کے مطابق بلوچستان کے وزیر داخلہ ضیا لانگو نے اس واقعے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
افغانستان کے صوبے زابل سے تعلق رکھنے والے افغان آرمی کے کرنل سردار محمد ہوتک دیگر سینکڑوں افغان شہریوں کی طرح افغانستان پر طالبان کے کنٹرول کے بعد بیرون ملک جانا چاہتے تھے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا وہ ویزا حاصل کرکے پاکستان آئے تھے یا ان کی آمد غیر قانونی طریقے سے ہوئی تھی۔
کوئٹہ میں قائم افغان قونصل خانے کے حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ کرنل سردار محمد ہوتک نے اپنا نیا پاسپورٹ 21 ستمبر کو جاری کر دیا گیا تھا اور اسی دن انہیں نامعلوم افراد اپنے ساتھ لے گئے۔
لاپتا افغان کرنل کے بھائی کے مطابق کرنل سردار محمد ہوتک کے دو بچے 5 سال قبل ایک بم حملے میں ہلاک ہوئے تھے اور اب گھر پر صرف ان کی اہلیہ موجود ہیں۔