یامی گوتم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جِلد کی بیماری کیراٹوز پیلاریس میں مبتلا رہی ہیں، وہ کئی سالوں تک اس سے ڈسٹرب رہیں تاہم انہوں نے اسے ذہنی طور پر قبول کر لیا ہے۔
انسٹاگرام پوسٹ میں یامی گوتم نے اپنی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کچھ تصاویر کے لیے شوٹ کروایا، جیسے ہی وہ پوسٹ پروڈکشن کے لیے جائیں گی اس میں میری جِلدی حالت چھپایا جائے گا۔
یامی گوتم نے لکھا کہ کیراٹوز پیلاریس کی وجہ سے آپ کی جِلد میں چھوٹے چھوٹے نشان بن جاتے ہیں، میں کم سنی سے اس میں مبتلا ہوئی اور اس کا اب بھی کوئی علاج نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے تفصیلی نوٹ میں کہا کہ اب بالآخر وہ اپنے ’عدم تحفظات‘ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’میں بہت برسوں سے اس سے نمٹ رہی ہوں اور آج بالآخر میں نے اپنے تمام خوف اور عدم تحفظات کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے ’داغوں‘ کو کھلے دل سے قبول کرنے کا حوصلہ مل گیا ہے۔ مجھے اپنا یہ سچ آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی حوصلہ ملا ہے۔