بھارت کے ایوان زیریں یا لوک سبھا کے عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی غیر معمولی کامیابی کے بعد نریندر مودی نے دوسری مدت کے لیے گزشتہ روز وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا۔
وہ اپنی پہلی مدت کے لیے مئی 2014 میں وزیراعظم منتخب ہوئے اور رواں ماہ 25 مئی کو آئینی مدت مکمل کر کے اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔
نئی دہلی میں ہونے والی اس تقریب میں بھارت کے صدر رام ناتھ کوبند نے نریندر مودی سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔
نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے وزیراعظم عمران خان کو دعوت نہیں دی گئی تھی تاہم بھارت سمیت دنیا بھر سے بہت سی نمایاں شخصیات اس تقریب میں شریک ہوئیں جن میں پڑوسی ملک کے نمایاں صنعت کار، کھلاڑی، صحافی، سماجی کارکن اور فلمی ستارے بھی شامل ہیں۔
بھارت کے نمایاں فلمی جریدے فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق، نریندر مودی کی جانب سے دوسری مدت کے لیے حلف اٹھائے جانے کی تقریب میں فلم ساز کرن جوہر، سپرسٹار رجنی کانت، بھارت کے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی اور ان کی اہلیہ، شاہد کپور، کپل شرما، سشانت سنگھ راجپوت، شاہ رخ خان، انیل کپور، ویویک اوبرائے، اداکار جوڑا کرن کھیر اور انوپم کھیر، ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی، ماضی کے معروف اداکار جتندر، بمن ایرانی، سپر سٹار سلمان خان اور کنگنا رناوت سمیت بالی ووڈ کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں۔