گوگل کا ایک اور اہم فیچر ختم کرنے کا فیصلہ

جیم بورڈ ایک ڈیجیٹل وائٹ بورڈ سروس ہے جس پر موقع سے غیر موجود افراد کے ساتھ مل کر آن لائن کام کیا جا سکتا ہے۔

گوگل کا ایک اور اہم فیچر ختم کرنے کا فیصلہ

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے پوڈ کاسٹ ختم کرنے کے بعد اب ایک اور فیچر ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمپنی نے وائٹ بورڈنگ ایپ جیم بورڈ کو 2024 کے آخر میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جیم بورڈ ایک ڈیجیٹل وائٹ بورڈ سروس ہے جس پر موقع سے غیر موجود افراد کے ساتھ مل کر آن لائن کام کیا جا سکتا ہے۔

گوگل کے مطابق فِگ جیم، لُوسِڈ سپارک اور مِیرو جیسے دیگر وائٹ بورڈ سروسز ورک سپیس صارفین کے لیے بہتر کام کر رہی ہیں۔ گوگل اب ورکس سپیس سروسز گوگل میٹ، ڈرائیو اور کیلنڈر کو آگے لے جانے کے لیے ان کمپنیوں کے ساتھ کام کرے گا۔

جیم بورڈ ایپ کو ختم کرنے کے ساتھ گوگل اس کی 5 ہزار ڈالر مالیت کی 55 انچ سائز کی ڈیوائس سے سپورٹ بھی ختم کر رہا ہے۔

اس ہارڈ ویئر کے لیے 30 ستمبر سے اپ ڈیٹس بھی روک دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل گوگل نے 2024 میں پوڈکاسٹ سروس بند کرنے کا عندیہ دے دیا۔ آئندہ برس کے ابتدا سے صارفین یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ سن سکیں گے۔

رواں سال اپریل میں گوگل نے امریکی صارفین کے لیے یوٹیوب میوزک میں ممبر شپ کے بغیر پوڈکاسٹ سننے کی سہولت فراہم کر دی تھی۔ صارفین اس سہولت کو استعمال کرتے ہوئے پوڈکاسٹ کو آف لائن بھی سن سکتے ہیں۔

گوگل کے مطابق پوڈ کاسٹ پر سٹریمنگ سننے والے صارفین کو یوٹیوب میوزک پر منتقل کرنے کے لیے 2023 کے آخر میں اپنی گوگل پوڈ کاسٹ ایپ کو بند کردے گا اور  عالمی سطح پر یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ دستیاب ہوگی۔

2018 میں اینڈرائیڈ پر لانچ کی جانے والی پوڈکاسٹ ایپ نے صارفین کو مفت میں پوڈکاسٹ کی لائبریری فراہم کی۔ 2020 میں گوگل نے ایپ کو نئی شکل دی اور آئی او ایس پر لانچ کی۔ اس وقت یہ سروس ویب، ونڈوز اور میک او ایس پر بھی دستیاب ہے۔

یوٹیوب نے ایک بلاگ سپاٹ پوسٹ میں لکھا کہ 2024 میں کمپنی یوٹیوب میوزک میں پوڈکاسٹ کے تجربے میں سرمایہ کاری بڑھائے گی اور 2024 کے بعد کے حصے میں گوگل پوڈکاسٹ کو بند کردیا جائے گا۔ کیونکہ کمپنی نے اس بات کا اندازہ لگایا ہے کہ لوگ میوزک کے لیے زیادہ یوٹیوب کا انتخاب کرتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق امریکا میں ہفتہ وار پوڈ کاسٹ استعمال کرنے والوں میں سے تقریباً 23 فیصد کا کہنا ہے کہ یوٹیوب ان کی سب سے زیادہ استعمال ہونے والی سروس ہے جبکہ گوگل پوڈکاسٹ سروس کو صرف 4 فیصد لوگ استعمال کرتے ہیں۔

اس سے پہلے گوگل کی جانب سے جی میل کے ایچ ٹی ایم ایل  بیسک ویو   فیچر کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔