فیفا کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ایف ایف میں بیرونی عناصر کی مداخلت کے پیش نظر یہ رکنیت معطل کی جارہی ہے۔
فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن ( فیفا) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فیفا کونسل کے بیورو نے تیسری پارٹی کی مداخلت کی وجہ سے فوری طور پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی رکنیت کو معطل کردیا ہے کیونکہ یہ فیفا قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
فیفا کے مطابق اس صورتحال کی وجہ مظاہرین کے ایک گروپ کا لاہور میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر پر مخالفانہ قبضہ تھا اور پی ایف ایف کی فیفا سے مقرر شدہ کمیٹی کو ہٹا دیا گیا تھا.
انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق کچھ عرصہ پہلے پی ایف ایف کے لاہور میں مرکزی دفتر ’ فیفا ہاؤس‘ پر اشفاق حسین گروپ نے قبضہ کرکے فیفا کمیٹی کے عہدیداروں بشمول ہارون ملک کو بے دخل کردیا تھا، جس کے بعد فیفا کی جانب سے ایک دن کا وقت دیا گیا تھا کہ اگر دفتر کا چارج دوبارہ کمیٹی کے حوالے نہ کیا تو پی ایف ایف کی رکنیت منسوخ کر دی جائے گی۔ لیکن دفتر پر قبضہ کرنے والے گروپ نے فیفا کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث پاکستان فٹ بال کی رکنیت معطل کی گئی۔