Get Alerts

ہمیں بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے چاہئیں، فواد چوہدری

ہمیں بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے چاہئیں، فواد چوہدری
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارت سے سفارت تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کردیا، ہم بے عزتی کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتے، لڑنا پڑا تو لڑیں گے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جب کوئی فیصلہ منظور نہیں ہوتا تو بھارت کا سفیر یہاں کیا کررہا ہے؟ بھارتی سفیر ایک اچھے انسان ہیں لیکن وہ یہاں ایک فاشسٹ حکومت کی نمائندگی کررہے ہیں، جب یہاں سفارت کاری ہونی نہیں ہے تو ایک دوسرے کے سفیر پر صرف خرچ کررہے ہیں، ہمیں بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے چاہئیں۔

انہوں نے ایوان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کو فلسطین نہیں بننے دینا چاہیے، ہم یہ نہیں برداشت کرسکتے، ہم بے عزتی کے ساتھ زندہ نہیں رہ سکتے، لڑنا پڑا تو لڑیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے، اگر یہ جنگ ہوئی تو دنیا کے تمام دارالحکومت اس جنگ کی شدت کو محسوس کریں گے کیونکہ جنگیں ہار جیت کے لیے نہیں بلکہ وقار اور عزت کے لیے لڑی جاتی ہیں، معیشت دیکھ کر فیصلے نہیں کرتے، اگر لڑائی مسلط کی جاتی ہے تو پھر کشمیر کے لیے پہلے بھی تین جنگیں لڑی ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہیے کہ ہم پاکستانی پہلے بھی کشمیر کے لیے کٹ مرے تھے اور آج بھی ان کے ساتھ ہیں، ہم اپنی عزت کے لیے کٹ مریں گے۔