Get Alerts

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کا حکم

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کا حکم
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو پاکستان چھوڑنے کا حکم دیدیا جبکہ  ہندوستان کی جانب سے طاقت کے زور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے اقدام کے بعد وزیراعظم عمران خان نے فوج کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس  وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال غور کیا گیا۔


اجلاس کے اعلامیے میں 5 فیصلوں کا ذکر کیا گیا ہے جو کہ درج ذیل ہیں:

  • بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ

  • بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت معطل کی جائے۔

  • دوطرفہ معاہدوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ

  •  مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ

  • اگست کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منانے اور 15 اگست کو  یوم سیاہ کے طور پر منانے کا فیصلہ


اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر داخلہ اعجاز شاہ، وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر سیاسی، سفارتی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے اور تجاویز مرتب کرنے کے لیے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

یہ کمیٹی وزیر خارجہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سیکرٹری خارجہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او)، ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی احمر بلال صوفی پر مشتمل ہوگی۔ گزشتہ روز کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔

گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیریوں کی جدوجہد کا آخری حد تک ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں کشمیر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بھارتی اقدام کیخلاف حکومتی موقف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 کو کبھی تسلیم نہیں کیا، اب بھارت نے خود اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی کامیابی تک ساتھ ہے، پاک آرمی اپنی ذمہ داری نبھانے کے لیے مکمل تیار ہے، پاک فوج اس سلسلے میں کسی بھی حد تک جائے گی۔