کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے قومی سلامتی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

کشمیر میں بھارتی جارحیت، وزیراعظم نے قومی سلامتی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کا اجلاس طلب کرلیا جس میں وزیرخارجہ، وزیردفاع اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی فورسز کی جانب سےایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنائے جانے اور کلسٹر بموں کے استعمال کے حوالے سے قومی سلامتی کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں مسلح افواج کے سربراہان، انٹیلی جنس حکام اور سول قیادت شریک ہوگی۔



ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سمیت بھارتی جارحیت کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئےکلسٹر ٹوائے بم کا استعمال کیا تھا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

کلسٹر بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔