Get Alerts

قومی سلامتی کا ملک کی معیشت سے گہرا تعلق ہے، آرمی چیف

قومی سلامتی کا ملک کی معیشت سے گہرا تعلق ہے، آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی آڈیٹوریم میں ’ معیشت اور سیکیورٹی کے باہمی اثر و نفوذ‘ کے موضوعات پر سیمینار کا انعقاد ہوا، سیمینار کی میزبانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی۔ چیف آف آرمی اسٹاف کے زیر اہتمام اسٹیک ہولڈرزکا اختتامی اجلاس بھی ہوا جس میں سرکاری معاشی ٹیم اور ملک کے تاجروں نے شرکت کی۔

سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی سلامتی کا معیشت سے قریبی تعلق ہے۔ ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے جس سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی کے لیے مزید گنجائش پیدا ہوئی ہے۔



آرمی چیف نے مزید کہا کہ نجی اور سرکاری اداروں میں بڑھتے ہوئے روابط مثبت اقدام ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیمینار کے انعقاد کا مقصد ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے تجاویز تیار کرنا تھا اور ایسے مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

کاروباری شخصیات نے سیمینار میں ملک میں کاروبار میں آسانی کے لیے حکومتی ٹیم کو تجاویز دیں اور حکومتی ریفارمز ایجنڈے پر عملدرآمد اور ٹیکسوں کی ادائیگی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

آرمی چیف سے ملاقات کا معاملہ سوشل میڈیا پر اہم موضوع رہا جہاں کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ کاروباری شخصیات نے معیشت میں بہتری کے لئے سویلین انتظامیہ تک رسائی کے بجائے براہ راست آرمی چیف سے کیوں ملاقات کی۔