تاجر رہنماؤں کا کاروبار کھولنے سے روکنے پر جیل بھرو تحریک کا اعلان

تاجر رہنماؤں کا کاروبار کھولنے سے روکنے پر جیل بھرو تحریک کا اعلان
سندھ تاجر اتحاد نے صوبائی حکومت کو ایس او پی تیار کرنے کے لیے دو روز کا وقت دے دیا اور کراچی کے چھوٹے تاجروں نے یکم رمضان سے دکانیں کھولنے کا بھی اعلان کر دیا۔

سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہا کہ مذاکرات کا وقت ختم ہو گیا اب دکانیں کھولیں گے۔ سندھ تاجر اتحاد کے رہنما محمد رضوان نے کہا کہ حکومتی ایس او پی کا انتظار نہیں کیا جاسکتا، ایس او پی آئے نہ آئے یکم رمضان سے کاروبار کھول دیا جائے گا اور اگر حکومت نے دفعہ 144 نافذ کی تو دیکھا جائے گا۔

تاجر رہنماؤں نے جیل بھرو تحریک اور گرفتاریاں دینے کا بھی اعلان کر دیا۔

دوسری جانب کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی اجازت کے بغیر کسی کو کاروبار کی اجازت نہیں ہے اور جو دکاندار حکومت سندھ کی اجازت کے بغیر کاروبار شروع کریں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل صنعتکاروں کی جانب سے کراچی کے کاروبار، صنعتوں کے ساتھ امتیازی سلو ک پر احتجاج کیا گیا اور سندھ حکومت کی پالیسیوں پرکڑی تنقید کی گئی جب کہ ملک کے دیگر حصوں کی نسبت صرف کراچی میں سخت لاک ڈاؤن پر سوال بھی اٹھا دیا۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں ایک لاکھ 18 ہزار 20 مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جب کہ گذشتہ روزکرونا کے 5 ہزار 637 ٹیسٹ کیے گئے، ایک دن میں 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے 2156 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ ملک بھر کے 597 ہسپتالوں میں کرونا کے 2521 مریض زیر علاج ہیں۔