نازیبا ویڈیوز بنانے کا الزام ، اداکارہ خوشبو کیخلاف مقدمہ درج

نازیبا ویڈیوز بنانے کا الزام ، اداکارہ خوشبو کیخلاف مقدمہ درج
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم ونگ نے ساتھی اداکارائوں کی نازیبا ویڈیو بنانے کے الزام میں اداکارہ خوشبو خان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں لاہور کے نجی تھیٹر میں ڈانسرز کی کپڑے بدلنے کی ویڈیوز لیک ہوئی تھیں۔ ایف آئی اے نے اسے لیک کرنے کے الزام میں اداکارہ خوشبو خان سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ایف آئی اے نے یہ مقدمہ اداکارہ خوشبو خان، عمران شوکی، کاشف چن اور احمد کے خلاف تھیٹر مالک کی مدعیت میں درج کیا ہے۔

مقدمے کے میں کہا گیا ہے کہ ویڈیوز خفیہ موبائل کیمرے سے بنائی گئیں۔ ویڈیوز بنانے والے ملزم کاشف چن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کاشف چن چار سال سے شالیمار تھیٹر میں پرفارم کر رہا ہے۔

گرفتار ملزم کاشف چن نے اپنے ابتدائی بیان میں ایف آئی اے کو بتایا کہ وہ چارجنگ کے بہانے موبائل اداکارائوں کے کمرے ميں رکھ آتا تھا۔

کاشف نے ایف آئی اے کو بیان دیا کہ ویڈیوز اداکارہ خوشبو خان کے کہنے پر بنائیں۔ اداکارہ نے معاوضہ ڈبل کرنے اور ایک لاکھ ایڈوانس ادا کرنے کا لالچ دیا۔ یہ ویڈیوز اداکارہ خوشبو خان نے اپنے گھر بلا کر لیں۔

یہ بھی پڑھیں: سٹیج اداکاراؤں کے ڈریسنگ رومز میں خفیہ کیمروں سے کپڑے تبدیل کرنے کی ویڈیوز بنانے کا انکشاف

اس حوالے سے اداکارہ خوشبو کا کہنا ہے کہ کاشف چن جھوٹ بول رہا ہے۔ سچ منظر عام پر آئے گا اور سب کو علم ہو جائے گا کہ کس کے کہنے پر کاشف چن میرا نام لے رہا ہے۔

واضح رہے کہ شالیمار تھیٹر میں اداکارائوں کی خفیہ کیمروں سے میک اپ روم میں کپڑے تبدیل کرتے ہوئے کی ویڈیوز بنا لی گئی تھیں۔ میک اپ رومز کے شیشوں میں خفیہ کیمرے لگا کر ریکارڈنگز کی گئیں جنہیں وائرل کر دیا گیا۔ اداکارائوں نے شالیمار تھیٹر انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ویڈیوز میں اداکارائیں ملبوسات اتارتے اور تبدیل کرتے ہوئے نظر آتی ہیں۔ اس سے قبل شالیمار تھیٹر کے چیئرمین ملک طارق نے ان ویڈیوز کے حوالے سے کہا تھا کہ ویڈیوز بنانے والے کو تلاش کر رہے ہیں۔ ویڈیوز تھیٹر کے کسی ملازم یا فرد نے نہیں بنائیں اور نہ ہی تھیٹرز میں ہم ایسا کرنے دیتے ہیں، حقیقت جلد ہی منظر عام پر آئے گی۔