Get Alerts

ڈان نیوز کے سی ای او حمید ہارون نے ریپ الزامات پر فلم ساز جامی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

ڈان نیوز کے سی ای او حمید ہارون نے ریپ الزامات پر فلم ساز جامی کو قانونی نوٹس بھیج دیا
ڈان نیوز کے چیف ایگزیکٹو افسر حمید ہارون نے اپنے وکیل کے ذریعے فلم ساز جمشید محمود عرف جامی کو ریپ کے الزام پر قانونی نوٹس بھیج دیا۔

حمید ہارون نے جامی کو ہتک عزت آرڈیننس 2002 کے سیکشن 8 کے تحت نوٹس بھیجا ہے جس میں ان سے عوامی سطح پر غیر مشروط معافی اور ریپ کے الزامات واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

چار صفحات پر مشتمل قانونی نوٹس جامی کے کراچی کے دفتر کے پتے پر بھجوایا گیا۔

جامی نے قانونی نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ابھی اس پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ معافی مانگنے کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی گذشتہ پوسٹوں میں حمید ہارون کے نوٹس میں اٹھائے گئے نکات میں سے کئی پر بات کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ جامی نے گذشتہ سال اکتوبر میں ایک 'میڈیا ٹائیکون' پر 13 سال قبل ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔ بعد ازاں 28 دسمبر کو انہوں نے مبینہ ریپسٹ کے طور پر حمید ہارون کا نام لیا تھا۔

حمید ہارون نے اپنے جواب میں بیان جاری کرتے ہوئے ریپ کے الزامات کو بالکل مسترد کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہانی جھوٹی ہے اور اُن کے ایما پر جان بوجھ کر گھڑی گئی جو مجھے خاموش کروانا چاہتے ہیں اور میرے ذریعے اس اخبار کو اپنے جابرانہ بیانیے کی حمایت پر مجبور کرنا چاہتے ہیں جس کی میں نمائندگی کرتا ہوں۔

اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا تھا کہ وہ قانونی کارروائی کریں گے۔