بہاولپور: انتقام لینے کی غرض سے خاتون نے لڑکی کو 6 افراد سے زیادتی کا نشانہ بنوا ڈالا

بہاولپور: انتقام لینے کی غرض سے خاتون نے لڑکی کو 6 افراد سے زیادتی کا نشانہ بنوا ڈالا
 ضلع بہاولپور کے علاقہ حاصل پور میں پیش آنے والے اجتماعی زیادتی کیس میں تحقیقات کے دوران سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور کی تحصیل حاصل پور میں گزشتہ ہفتے 6 افراد نے والدین اور بھائیوں کے سامنے لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ایس ایس پی نے میڈیا کو بتایا کہ زیادتی کے اس واقعے میں ایک خاتون بھی ملوث ہے جس نے اپنا انتقام پورا کرنے کے لیے لڑکی کی 6 لڑکوں سے عصمت دری کروائی تاہم ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں دو اور ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت نجمہ، نصیر اور وسیم کے ناموں سے ہوئی۔ جن سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس افسر کے مطابق ملزمان نےلڑکی کے بھائی کو بھی بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل تحصیل حاصل پور میں 6 مسلح ملزمان نے اہل خانہ کے سامنے 14 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور بھائی کے جسم کا ایک حصہ کاٹ ڈالا تھا۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں بھائی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی جس میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے گھر والوں کے سامنے بہن کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔