پنجاب کے ضلع قصور میں راشن دینے کے بہانے سفاک درندوں نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق قصور میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں خاتون کو راشن دینے کے بہانے بلایا گیا، بعدازاں اجتماعی زیادتی کی گئی۔ واقعہ نواحی گاؤں بستی قادرآباد کے نزدیک پیش آیا، جہاں تین ملزمان نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی۔ خاتون نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے جس میں بتایا ہے کہ اسے فون پر کسی نامعلوم شخص کی کال آئی کہ آپ راشن لے جائیں، جب میں راشن لینے کے لئے سکول گئی تو وہاں سے نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا۔ کمرے میں لے جا کر ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
خاتون کے مطابق ملزمان نے اپنے چہرے ڈھانپے ہوئے تھے جس وجہ سے وہ انہیں پہچان نہیں سکیں۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔