پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر ہائی کورٹ میں دائر توہین عدالت کی درخواست واپس لے لی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی۔ پی ٹی آئی نے رجسٹرار آفس سے توہین عدالت کی درخواست ہی واپس لے لی ۔
عدالتی حکم پر 31 دسمبر کو الیکشن نہ کروانے پر چیف الیکشن کمشنر، 4 ارکان، داخلہ اور کابینہ ڈویژن سیکرٹریز کے خلاف توہین عدالت درخواست دائر کی گئی تھی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر کو کرانے کا حکم دیا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ 31 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے فیصلے پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراض میں کہا ہے کہ آئینی عہدہ رکھنے والے چیف الیکشن کمشنر ے خلاف کیسے توہین عدالت دائر ہو سکتی ہے؟ توہین عدالت کی درخواست پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار تیمور اسلم کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ جسٹس ارباب محمد طاہراسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا تھا کہ الیکشن کمیشن شیڈول کے مطابق 31 دسمبر کو الیکشن کروائے۔