پاکستان کے دورے پر آئی جرمن وزیر خاجہ انالینا بیئربوک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ انہوں نے خرابی صحت کے باعث اپنا دورہ مختصر کرکے واپس جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خبریں ہیں کہ جرمن وزیر خارجہ کے اعزاز میں ایک ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس دوران انالینا بیئربوک نے جیسے ہی کھانا شروع کیا تو ان کو اس کا ذائقہ ہی محسوس نہیں ہوا۔ شک گزرنے پر ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا۔
خیال رہے کہ جرمن وزير خارجہ انالينا بيئربوک آج ہی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچی تھیں۔ پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری نے جرمن ہم منصب کا استقبال کیا تھا۔
جرمن وزارت خارجہ نے انالینا بیئربوک کے کورونا وائرس کی وبا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ناصرف دورہ پاکستان مختصر کر دیا گیا ہے بلکہ یونان اور ترکی کے دوروں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
انالينا بيئربوک دورہ پاکستان سے واپسی پر ان ترکی اور یونان کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنا چاہتی تھیں۔ جرمن وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق آج منگل کی دوپہر کھانا کھاتے ہوئے بیئربوک کو احساس ہوا کہ ان کی ذائقے کی حس چلی گئی ہے۔ اس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا، تو اس کا نتیجہ پازیٹیو نکلا۔
قبل ازیں انہوں نے آج صبح ہی اپنا ایک کورونا ریپڈ ٹیسٹ بھی کروایا تھا، اور اس کا رزلٹ منفی رہا تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ بیئربوک جرمنی واپس کب آئیں گی۔
جرمن وزیر خارجہ کو آج ہی پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کرنا تھی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں واقع جرمن سفارت خانے میں بھی ان کی چند مصروفیات طے تھیں۔