پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلد ہی پاکستان کے وزیر خارجہ کا حلف اٹھا لیں گے۔ اس بات کی تصدیق قمر زمان کائرہ نے کر دی ہے۔
لندن میں مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کل یا پرسوں بطور وزیر خارجہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
خیال رہے کہ بلاول بھٹو وفاقی کابینہ کی تقریب حلف برداری میں شریک نہیں ہوئے اور نہ ہی حلف اٹھایا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس حوالے سے مختلف افواہیں زیر گردش تھیں کہ بلاول نے شہباز شریف سے مکمل اختیارات کیساتھ وزارت خارجہ مانگی ہے۔
https://twitter.com/AB_cheema/status/1517879374002929664?s=20&t=cu10jEMzg8LwkylGyJFONA
تاہم بلاول بھٹو کے وزیر خارجہ بننے پر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں ڈیڈ لاک کی تردید کردی گئی تھی۔ حکومتی ذرائع نے کہا تھا کہ وزارت خارجہ کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ بلاول بھٹو عوامی نیشنل پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی اور محسن داوڑ کو وزارتیں ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو حکومت کے قیام اور شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر نواز شریف کو مبارک باد دینے جائیں گے۔ بلاول بھٹو لندن سے واپسی پر وزارت خارجہ کے لئے حلف اٹھائیں گے۔