کراچی میں ایک فلاحی ادارے نے رمضان کی آمد پر روزہ داروں کے لیے سحری کا خصوصی اہتمام کیا اور شترمرغ کے گوشت کے لذیذ پکوان سے ان کی تواضع کی۔
پاکستان میں شترمرغ کا گوشت مہنگا ہونے کے باعث بہت زیادہ نہیں کھایا جاتا اور یہ ایک پرتعیش پکوان کی حیثیت رکھتا ہے۔
رضاکاروں نے شترمرغ کا گوشت دیگ میں پکایا جسے سحری میں روزہ داروں کی خدمت میں پیش کیا گیا۔
فلاحی ادارے جعفریہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سیل ویلفیئر فائونڈیشن نے پہلے روزے کی سحری کے لیے قریباً پانچ سو افراد کی دعوت کی۔
ادارے کے جنرل سیکرٹری ظفر عباس کا کہنا ہے، غریب عوام کے احساس محرومی کو مدنظر رکھتے ہوئے صاحب ثروت لوگوں نے گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی ہماری مدد کی اور ہم نے وہ پکوان تیار کیا جو عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے اور غریب عوام تو اس بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا، ہم نے سوچا تھا کہ آنے والے رمضان المبارک میں ہرن کے گوشت سمیت مہنگے پکوانوں سے روزہ داروں کی تواضع کریں گے۔
شترمرغ کے گوشت سے بنا لذیذ پکوان تناول کرنے والے روزہ داروں نے فلاحی ادارے کے اس اقدام کی کھل کر تعریف کی۔
مقامی ویگن ڈرائیور محمد حسین نے کہا، مجھے بہت اچھا محسوس ہوا۔ میں نے اس سے قبل کبھی شترمرغ کا گوشت نہیں کھایا تھا۔ میں نے اتنا زیادہ کھایا ہے کہ مجھے شاید اب اگلے دو روز تک بھوک نہ لگے۔