Get Alerts

نشے کی لت میں مبتلا ہو کر شوبز کیرئیر تباہ کرنے والے اداکار

نشے کی لت میں مبتلا ہو کر شوبز کیرئیر تباہ کرنے والے اداکار
منشیات کی لت نے ماضی میں کئی اداکاروں کے کیریئر تباہ کیے ہیں۔ ان اداکاروں میں آنجہانی سوشانت سنگھ راجپوت، سنجے دت، بیٹے فردین خان، پروین بابی، کیری فشر، ہیتھ لیجر اور ریور فینکس کے نام قابل ذکر ہیں۔

گزشتہ سال بالی وڈ کے مشہور اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کو بھی نشے کی لت ہی قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی موت کے بعد ان کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے آنجہانی اداکار کیلئے منشیات کا انتظام کیا تھا۔

سنجو بابا کے نام سے بالی وڈ میں مشہور اداکار سنجے دت بھی ماضی میں منشیات کا بے دریغ استعمال کرتے رہے۔ ان کی زندگی پر بننے والی فلم میں بھی اس پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی تھی، اس میں دکھایا گیا ہے کہ 1982ء میں نشے کی لت کی وجہ سے سنجے کے والد سنیل دت نے انہیں امریکا میں علاج کیلئے بھیجا تھا۔

اداکار رنبیر کپور نے بھی ایک انٹرویو میں منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ایک ایکٹنگ سکول میں انہوں نے کئی مرتبہ نشہ کیا اور بعد ازاں فلم 'راک اسٹار' کے کچھ مناظر میں جان ڈالنے کیلئے بھی انہوں نے نشے کا سہارا لیا تھا۔

فردین خان کو بھی 2001ء میں کوکین رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ منشیات استعمال کرنے کا الزام معروف اداکارہ ممتا کلکرنی، منیشا کوئرالہ پر بھی لگ چکا ہے۔

تاہم منشیات کی لت نے اگر صحیح معنوں میں کسی کا کامیاب کیریئر تباہ کیا تو وہ بالی ووڈ کو لاتعداد کامیاب فلمیں دینے والی اداکارہ پروین بابی تھیں۔ پروین بابی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ہدایتکار مہیش بھٹ سے تعلق ختم کرنے کے بعد انہوں نے نشے کے ذریعے خود کو بہلانے کی کوشش کی اور بعد میں نشے کی لت نے ہی ان کی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ پروین بابی کی زندگی پر بننے والی فلم 'وہ لمحے' میں ان کا کردار کنگنا رناوت نے ادا کیا جنہوں نے خود ایک ویڈیو میں اعتراف کیا تھا کہ و ہ بھی ایک زمانے میں نشے کی عادی تھیں۔

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے صاحبزادے آریان خان کو ایک کروز پارٹی پر جہاز سے منشیات برآمدگی کے بعد حراست میں لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آریان خان کی والدہ گوری خان کو بھی 2011ء میں برلن ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر چرس  رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ہالی وڈ فلم انڈسٹری کی بات کی جائے تو وہاں بھی منشیات کا استعمال کوئی نئی بات نہیں، لیکن یہاں اس لت کی وجہ سے جان گنوانے کا تناسب دیگر ممالک کی نسبت زیادہ ہے۔

اداکارہ کیری فشر کو منشیات استعمال کرنے کی وجہ سے وہ عروج نہ مل سکا جس کی وہ حق دار تھیں اور 60 سال کی عمر میں وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

بیٹ مین کے ولن 'جوکر' کے کردار کو ہمیشہ کے لیے امر کرنے والے مشہور اداکار ہیتھ لیجر کی موت کے پیچھے بھی منشیات کا عمل دخل تھا۔

ریور فینکس کا کریئر بھی 1993ء میں صرف 23 سال کی عمر میں منشیات کی وجہ سے ختم ہو گیا تھا۔

اس کے علاوہ جوڈی گارلینڈ ہوں، مارلن مونرو یا پھر فلپ سیمور ہافمین، ان سب کی اچانک موت کے پیچھے کہیں نہ کہیں منشیات کا ہاتھ ضرور تھا۔

'چارلی اینجلز' کی 'اینجل' فرح فوسیٹ کا کریئر بھی منشیات کی نظر ہوا۔ اپنے زمانے کی خوب صورت اداکارہ ایلزبتھ ٹیلر نے بھی کئی برسوں تک منشیات کا استعمال کیا، جس کا نقصان انہیں کریئر کے آخر میں اٹھانا پڑا۔

دنیا بھر میں جہاں چند اداکاروں نے منشیات کے ہاتھوں اپنا کریئر خراب کیا وہیں کچھ ایسے بھی اداکار ہیں جنہوں نے اس لت سے چھٹکارا پا کر کم بیک کیا۔ ان اداکاروں میں سب سے بڑا نام اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کا ہے جنہیں آج کل لوگ 'آئرن مین' یا 'شرلوک ہومز' کے نام سے جانتے ہیں۔

نوے کی دہائی میں بہترین اداکار کا آسکر جیتنے والے اس اداکار کو متعدد بار منشیات کا استعمال کرنے پر جیل ہوئی اور انہیں ری ہیب بھی بھیجا گیا۔ ء2002 میں اس اعلان کے بعد کہ وہ مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے ہیں، انہوں نے فلموں میں کم بیک کیا اور آج کل ان کا شمار دنیا کے مشہور اور کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔

2011ء میں فلم 'لمٹ لیس' میں بریڈلی کوپر نے ایک ایسے شخص کا کردار ادا کیا جو ایک ٹرائل ڈرگ لے کر مشکل سے مشکل کام آرام سے کر لیتا ہے۔ یہ فلم بے حد مقبول تو ہوئی اور بریڈلی کوپر کی اداکاری کو سب نے سراہا لیکن یہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ اس جاندار پرفارمنس کے پیچھے ایسا تجربہ ہے جسے خود بریڈلی کوپر نے محسوس کیا۔

2004ء میں جب انہیں مشہور ٹی وی شو 'ایلیئس' سے فارغ کیا گیا تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ نشے سے دور رہیں گے اور اس فیصلے کے بعد سے اب تک کئی مشہور فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ آسکر کے لیے آٹھ مرتبہ نامزد بھی ہو چکے ہیں۔

مشہور اداکارہ ڈریو بیری مور ہوں، کرسٹن ڈنسٹ یا پھر لنڈسے لوہن، تینوں کو ہی کم عمری میں شہرت مل گئی تھی جس کے بعد انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کردیا تھا۔ لیکن بروقت فیصلوں کی وجہ سے وہ اپنے کریئر کو بچانے میں کامیاب ہو گئیں۔