Get Alerts

مکہ مکرمہ میں شراب کی بھٹی پر چھاپہ، متعدد ملزم گرفتار

مکہ مکرمہ میں شراب کی بھٹی پر چھاپہ، متعدد ملزم گرفتار
مکہ مکرمہ پولیس نے مکہ مکرمہ میں غیر قانونی طور پر قائم شراب کی بھٹی پر چھاپہ مار کر یہ کاروبار چلانے والے ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان لوگوں کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شراب کی بھٹی مکہ مکرمہ کے علاقے الراشدیہ میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس میں قائم کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بھٹی میں ہزاروں لیٹر شراب کو تیار کرنے میں مصروف تھے، کامیاب کارروائی کے دوران تمام ملزموں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے ان کیخلاف سخت ترین دفعات کے تحت مقدمہ قائم کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق بھٹی کو قبضے میں لے کر تمام شراب کو فوری طور پر تلف کر دیا گیا جبکہ وہاں موجود 28 ڈرم، 10 گیس سیلنڈر اور 96 شراب کی بوتلوں سمیت دیگر اشیا کو بھی ثبوت کے طور پر قبضے میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی مکہ مکرمہ میں ایسی ہی شراب کی بھٹی پر چھاپہ مار کر غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ یہ شراب کی بھٹی الحسینیہ کے علاقے میں قائم کی گئی تھی۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر سب ملزموں کو گرفتار کر لیا تھا۔

تفتیشی ٹیم نے پولیس اور ادارہ امر بالمعروف کے اہلکاروں کے تعاون سے گیسٹ ہاؤس پر چھاپہ مارا تو معلوم ہوا کہ یہاں  تین غیر ملکی شراب کی بھٹی چلا رہے تھے۔ یہ گیسٹ ہاؤس ایک سعودی شہری کا ہے تاہم اسے ایک غیر ملکی نے کرائے پر لیا ہوا ہے۔