ایم ایم اے ریسلر حبیب نورمحمدوف نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا

ایم ایم اے ریسلر حبیب نورمحمدوف نے پاکستان آنے کا اعلان کر دیا
روسی ایم ایم اے ریسلر حبیب عبدالمناپووچ نورمحمدوف نے جلد پاکستان آنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے اس اعلان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حبیب نورمحمدوف ایک تقریب میں شریک ہیں وہاں ان سے پاکستان کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں رواں سال کی شروعات میں دورہ پاکستان کی دعوت دی گئی تھی۔

ایم ایم اے ریسلر حبیب نورمحمدوف نے کہا کہ میری بہت خواہش ہے کہ میں پاکستان کا دورہ کروں، انشاء اللہ میں جلد اس سرزمین کا دورہ کروں گا۔



خیال رہے کہ روسی ایم ایم اے ریسلر نے گزشتہ سال ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا، ان کی آخری فائٹ ابوظہبی میں ہوئی جس میں وہ اپنے حریف جسٹن گیچی کو شکست دینے میں کامیاب رہے تھے۔

حبیب نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس آخری فائٹ کا مقصد اپنے والد کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ وہ میرے استاد اور کوچ بھی تھے۔ خیال رہے کہ حبیب کے والد عبدالمناپ جولائی 2020ء میں کورونا وائرس کے باعث وفات پا گئے تھے۔