راولپنڈی کی اڈیالہ جیل جہاں بانی پی ٹی آئی عمران خان قید ہیں، وہاں پنجاب حکومت کی جانب سے 18 اکتوبر تک تمام ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے سلسلے میں اڈیالہ جیل کی سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پارٹی رہنماؤں، وکلا، خاندان کے افراد کی ملاقات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان ملاقاتوں پر پابندی سکیورٹی وجوہات کے باعث لگائی گئی ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا فیصلہ پنجاب حکومت نے کیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق عام قیدیوں پر بھی ہو گا۔
یاد رہے 15 اور 16 اکتوبر کو پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں چین، روس اور بھارت سمیت دیگر ملکوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے مجوزہ آئینی ترامیم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور حکام کا ماننا ہے کہ عمران خان اڈیالہ جیل میں بیٹھ کر اس احتجاجی سلسلے کو مںظم کر رہے ہیں۔